لاہور (این این آئی)پاکستانی ریپر طلحہ انجم ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شہ سرخیوں میں ہیں، جب لاہور کے ایکسپو سینٹر میں ان کی حالیہ پرفارمنس کے دوران ایک ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔ویڈیو میں دکھایا گیا ہے کہ طلحہ انجم اسٹیج پر پرفارم کر رہے تھے کہ اچانک ہجوم میں سے کسی نے پانی کی بوتل ان کی طرف پھینکی۔طلحہ نے فورا اس صورتحال کا مزاحیہ انداز میں جواب دیتے ہوئے کہا، کسی نے یہ بوتل مجھے شادی کی پروپوزل دے کر پھینکی ہے۔ اگر تم میں ہمت ہے تو اسٹیج کے قریب آ کر صحیح طریقے سے پروپوز کرو۔اس کے بعد انہوں نے ہجوم میں چھپے ہوئے شخص کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا، آ جا بیٹے۔جب وہ شخص اسٹیج کی طرف آیا، طلحہ کی سکیورٹی فورس نے اسے بالوں سے پکڑ کر اسٹیج پر گھسیٹ لیا، جس کے بعد سکیورٹی اسے بیک اسٹیج لے گیا۔اس موقع پرطلحہ انجم جذباتی ہو گئے اور حاضرین سے کہا، میں عام طور پر ایسا نہیں کرتا، مگر خود کو میری جگہ رکھ کر سوچو۔ میں یہاں پرفارم کرنے آیا ہوں، اور اگر میری بے عزتی کی جائے تو کیا مجھے خاموش رہنا چاہیے؟

