آٹھویں بورڈ کے امتحانات میں فرائض انجام دینے والا نگران اور امتحانی عملہ دو ماہ گزرنے کے باوجود اپنے معاوضوں کی ادائیگی سے محروم ہے۔
ذرائع کے مطابق لاہور میں آٹھویں بورڈ کے امتحانات کے دوران 5 ہزار اساتذہ نے نگرانی کے فرائض سرانجام دیے جبکہ ایک ہزار اساتذہ نے پیپر مارکنگ میں حصہ لیا۔ امتحانات کے لیے شہر بھر میں 300 امتحانی مراکز قائم کیے گئے تھے جہاں 80 ہزار سے زائد امیدواروں نے شرکت کی۔
حکام کی جانب سے نگران عملے کے لیے 4 ہزار روپے یومیہ جبکہ سپرنٹنڈنٹس کے لیے 5 ہزار روپے یومیہ معاوضے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اسی طرح پیپر چیک کرنے والے ایگزمینرز کو 25 روپے فی پرچہ معاوضہ دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
تاہم امتحانات اور نتائج مکمل ہونے کے باوجود ادائیگیاں تاحال نہیں کی جا سکیں۔ آٹھویں بورڈ کے امتحانات کے نتائج کا اعلان 10 اپریل کو کیا گیا تھا، لیکن اس کے بعد بھی امتحانی عملہ اپنے واجبات کا منتظر ہے۔
متاثرہ اساتذہ اور امتحانی عملے نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے معاوضے فوری طور پر ادا کیے جائیں تاکہ ان میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔

