ڈام بندر: فقیر سکندر علی انگاریہ کا ماہی گیروں کے جلسے سے خطاب، وائر نیٹ اور محکمہ فشریز پر سخت تنقید

لسبیلہ(بیوروچیف)وندر، جمیعت علمائے اسلام کے سرپرست اعلیٰ و عوامی تحریک کے سربراہ فقیر سکندر علی انگاریہ نے ساحلی علاقے ڈام بندر گاہ میں مقامی چھوٹے ماہی گیروں کی جانب سے منعقد کیے گئے ایک بڑے جلسے سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وائر نیٹ کا استعمال قانونی جرم ہے مگر محکمہ فشریز نے نیلے پیلے نوٹو کی پٹی اپنی آنکھوں پر باندھ لی ہے ۔ جنہیں صرف چھوٹے ماہی گیر ہی نظر آتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ڈام بندر کے ساحل پر صرف مقامی ماہی گیروں کا حق ہے ۔ اور باہر سے آنے والے ناخواہوں کو یہاں ماہی گیری کرنے نہیں دی جائے گی ۔اگر ڈام کے چھوٹے مقامی ماہی گیروں کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی کی گئی تو پھر دمادم مست قلندر ہوگا جسے دنیا یاد رکھے گی ۔ فقیر سکندر علی انگاریہ نے جلسے کے شرکاء کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ڈام کے چھوٹے ماہی گیر اپنے حقوق کی جنگ لڑنا جانتے ہیں اور ہمارے صبر کا امتحان لیا گیا تو اس کے نتائج بھاری ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے ماہی گیروں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت ہرگز نہیں دینگے ۔ ڈام کے چھوٹے ماہی گیروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر جائز قدم اٹھائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ماہی گیر بلاخوف و خطر اپنا روزگار جاری رکھیں ۔ یہ فقیر آپ کے شانہ بشانہ کھڑا ہے چاہے رات کا کوئی بھی پہر ہو آپ کی ایک ہی آواز پر فقیر آپ کے درمیان موجود ہوگا ۔ تفصیلات کے مطابق فقیر سکندر علی انگاریہ کو ڈام جیٹی سے ایک بڑی ریلی کی صورت میں جلسہ گاہ پہنچایا گیا جہاں پر ماہی گیروں نے ان کا پرتپاک اور فقید المثال استقبال کیا ۔ فقیر سکندر علی انگاریہ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ڈام کے چھوٹے ماہی گیر خود کو تنہا نہ سمجھیں ۔ انہوں نے محکمہ فشریز کو سخت تنبیہ کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ فشریز اپنا قبلہ درست کرے اگر جیلی فش پر پابندی عائد کی گئی یا چھوٹی کشتیوں کو سمندر جانے سے روکا گیا تو فیصلے پھر سڑکوں پر ہونگے ۔ اور پھر ہم سے کوئی گلہ شکوہ نہ کرے ۔ اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام کے ضلعی نائب امیر حافظ شبیر احمد ، مولوی صادق انا ، سیٹھ نواز احمد ، کونسلر فیض محمد ، وڈیرہ محمد یعقوب ، یوسف خان خلجی ، اصغر گونگہ ، ناخو مقبول احمد ، ناخو عزیز اللّٰہ ناخو غلام نبی ، میر حبیب اللّٰہ ، ناخو اقبال ، سیٹھ شمبے بلوچ ، سیٹھ دیوان ، سیٹھ علی شیخ ماما ، سکندر خاصخیلی ، وحید علی ، ایاز علی سمیت ماہی گیروں کی بڑی نے شرکت کی ۔ جبکہ ایس ایچ او پولیس تھانہ وندر قاضی محمد صابر کی ہدایت پر ڈام پولیس اہلکار نعیم عثمان نے جلسے کو مکمل سیکورٹی فراہم کی ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں