یو ایم ٹی سکول آف لاء اینڈ پالیسی کی ڈین مقرر ہونیوالی پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی نے ذمہ داریاں سنبھال لیں

یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی (یو ایم ٹی) کے سکول آف لاء اینڈ پالیسی میں ممتاز قانونی ماہر اور ماہرِ تعلیم پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی کو ڈین مقرر کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں، جبکہ یو ایم ٹی انتظامیہ، فیکلٹی اور طلبہ نے ان کا خیرمقدم کیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی قانونی تعلیم، تحقیق اور تعلیمی انتظامیہ کے شعبوں میں 35 سال سے زائد تجربہ رکھتی ہیں۔ یو ایم ٹی میں شمولیت سے قبل وہ پنجاب یونیورسٹی میں مختلف اہم تعلیمی اور انتظامی عہدوں پر خدمات انجام دے چکی ہیں۔ وہ یونیورسٹی لا کالج لاہور میں پروفیسر، ڈین اور پرنسپل کے فرائض بھی سرانجام دے چکی ہیں۔

انہوں نے قانون اور انسانی حقوق میں پی ایچ ڈی کی ڈگری برطانیہ کی لنکاسٹر یونیورسٹی سے حاصل کی، جبکہ کیمبرج یونیورسٹی سے ایل ایل ایم مکمل کیا، جہاں انہیں برٹش کونسل کامن ویلتھ اسکالرشپ بھی حاصل ہوئی۔ پنجاب یونیورسٹی سے ایل ایل بی کے دوران انہوں نے مرکنٹائل لا میں گولڈ میڈل بھی اپنے نام کیا۔

پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی کی علمی مہارت کے شعبوں میں انسانی حقوق، بین الاقوامی قانون، انگریزی فقہ، قانونِ شہادت اور قانونی تحقیق شامل ہیں۔ ان کی متعدد تحقیقی خدمات کو قومی اور بین الاقوامی علمی حلقوں میں سراہا گیا ہے۔

یو ایم ٹی انتظامیہ کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر شازیہ قریشی کی تقرری ادارے کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے اور ان کی قیادت میں سکول آف لاء اینڈ پالیسی میں تدریسی و تحقیقی سرگرمیوں کو مزید فروغ ملے گا۔

انتظامیہ نے امید ظاہر کی ہے کہ ان کے وسیع تجربے اور علمی بصیرت سے سکول آف لاء اینڈ پالیسی قومی و بین الاقوامی سطح پر اپنی شناخت مزید مستحکم کرے گا اور قانونی تعلیم کے میدان میں نئی کامیابیاں حاصل کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں