طلبہ کیلئے بڑا ریلیف، مفت ایم ڈی کیٹ کوچنگ سینٹرز بڑھانے کا فیصلہ

سرکاری کالجوں میں طلبہ کو مفت ایم ڈی کیٹ تیاری کی سہولت فراہم کرنے کے پروگرام کو مزید وسعت دینے کا فیصلہ کیا جا رہا ہے۔ طلبہ کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر پنجاب میں 6 نئے تیاری سینٹرز قائم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

مجوزہ منصوبے کے تحت بڑے ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں اضافی سینٹرز قائم کیے جائیں گے، تاکہ زیادہ سے زیادہ طلبہ اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔ ڈی پی آئی کالجز نے نئے سینٹرز کے قیام کے لیے محکمہ ہائیر ایجوکیشن کو باقاعدہ پروپوزل ارسال کر دیا ہے۔

حکام کے مطابق گزشتہ سال پنجاب بھر میں 54 سینٹرز میں ایم ڈی کیٹ تیاری کی سہولت فراہم کی گئی تھی، جبکہ ایک سینٹر کے انتظامات پر تقریباً ایک لاکھ روپے لاگت کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

پروگرام کے تحت گزشتہ تین برسوں سے ہزاروں طلبہ مفت کوچنگ سے مستفید ہو رہے ہیں۔ آئندہ ہفتے سے نئے ایم ڈی کیٹ پریپریشن کیمپس شروع ہونے کا امکان ہے۔

محکمہ ہائیر ایجوکیشن کی حتمی منظوری کے بعد باقاعدہ شیڈول جاری کیا جائے گا۔ حکام کے مطابق اس اقدام سے مزید طلبہ کو معیاری اور مفت تیاری کی سہولت میسر آئے گی، جسے طلبہ اور والدین کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں