بالی ووڈ کے مشہور ہدایت کار پریا درشن نے فلم ’ہیرا پھیری 3‘ کی تخلیق سے متعلق بڑا انکشاف کردیا۔
پریا درشن نے فلم ’ہیرا پھیری 3‘ سے علیحدگی کی وجوہات سامنے لاتے ہوئے کہا ہے کہ قانونی تنازعات، ذاتی اختلافات اور پروڈیوسر فیروز ناڈیاڈوالا کے رویے نے انہیں اس منصوبے سے الگ ہونے پر مجبور کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حالات کو دیکھتے ہوئے انہیں نہیں لگتا کہ ’ہیرا پھیری 3‘ کبھی بڑے پردے تک پہنچ سکے گی۔
ایک انٹرویو میں پریا درشن نے دعویٰ کیا کہ فیروز ناڈیاڈوالا نے متعدد مواقع پر ان کی توہین کی اور اکشے کمار سے بھی کہا کہ اگر فلم بنائیں تو ان کے بغیر بنائیں۔
ہدایت کار کے مطابق اکشے کمار، سنیل شیٹی اور پریش راول نے انہیں فلم کی ہدایت کاری کے لیے قائل کیا تھا حتیٰ کہ کہانی سننے کے بعد تینوں اداکار بھی کافی پرجوش تھے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ فلم کے اعلان کے بعد انہیں سیون آرٹس فلمز کی جانب سے قانونی پیچیدگیوں سے متعلق خبردار کیا گیا جس کے بعد انہیں احساس ہوا کہ اس منصوبے کو مکمل کرنا انتہائی مشکل ہوگا۔
تاہم پریا درشن نے واضح کیا کہ ان کے اور اکشے کمار کے پیشہ ورانہ تعلقات بدستور مضبوط ہیں۔
دونوں ایک نئی کامیڈی فلم پر دوبارہ اکٹھے کام کر رہے ہیں جبکہ ان کی مشترکہ فلم ’حیوان‘ رواں سال 11 ستمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

