کراچی ( رپورٹر) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی اور کراچی میں سری لنکا کے قونصل خانے کے اشتراک سے سری لنکن رقص پر مبنی تقریب ’’Kanya‘‘ کا انعقاد آڈیٹوریم ون میں کیا گیا۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی محمد احمد شاہ ، قونصل جنرل سری لنکا سنجیوا پٹیویلا، ڈپٹی ہائی کمشنر بنگلہ دیش، قونصل جنرل عراق، قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر برطانیہ ، قائم مقام قونصل جنرل چین،ڈپٹی قونصل جنرل تھائی لینڈ،قونصل جنرل افغانستان ، FRG گروپ سی ای اومحمد دوچکی (Mohammad Dochki)، رووان وجیکون (RuwanWijekoon) سمیت معزز شخصیات کے علاوہ بڑی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز پاکستان اور سری لنکا کے قومی ترانے بجا کر کیا گیا جبکہ سری لنکا کی روایتی رسم کے مطابق معزز مہمانوں نے تیل کا چراغ بھی روشن کیا۔ چراغ روشن کرنے کی روایت دوستی، اتحاد اور ثقافتی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ ثقافتی پروگرام کا مقصد پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے تمام مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے سری لنکا کے ساتھ دیرینہ تعلقات ہیں، پاک سری لنکا کے سفارتی و ثقافتی تعلقات گزشتہ برسوں میں مزید مضبوط ہورہے ہیں، سری لنکا کی حکومت اور عوام ہمارے ساتھ ہر قسم کا تعاون کرتی ہے۔سری لنکا زبردست سیاحتی مقام ہے۔ سری لنکا کے روایتی و ثقافتی رقص کا یہ طائفہ آرٹس کونسل میں تیسری بار پرفارم کر رہا ہے۔ مجھے ہر بار اس طائفے کی میزبانی کر کے بہت خوشی محسوس ہوتی ہے۔ اس طرح کے پروگرام دونوں ممالک کے ثقافتی و سفارتی تعلقات کو فروغ دینے میں کارگر ثابت ہوتے ہیں۔سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹیویلا نے کہاکہ آرٹس کونسل آکر بہت خوشی محسوس کررہا ہوں، ہم آج پاکستان سری لنکا کے زبردست تعلقات کا جشن منا رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے تعلقات کو ثقافت کے ذریعے مستحکم کر رہے ہیں۔ ’’کانیا‘‘ رقص سری لنکا کی ثقافت کے رنگوں کا حسین امتزاج ہے، اس پروگرام کے انعقاد میں آرٹس کونسل سمیت تمام اداروں کا بے حد شکرگزار ہوں۔کانیا میں سری لنکا کے معروف کوریوگرافر اور ڈانس ڈائریکٹرچندانا وکرما سنگھے(Chandana Wickramasinghe) کی سربراہی میں ڈانس گروپ میں شامل فنکاروں نے اُکوسا (ردھم)، ناگا رکشا، راگُم گی، ردمانجلی، مور (نیلے رنگ میں فیوژن)، تھیلمے، ہوئیا ہوئیا، ردما راٹا، ابھیشیک، سالینا لیلینا،رتھن دیپا جنم بھومی پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کرکے سری لنکن ثقافت کی بہترین عکاسی کی۔



