ایران اسرائیل کشیدگی کے اثرات، ضلع چاغی میں اشیائے خوردونوش، پٹرول، ڈیزل اور ایرانی گیس کی شدید قلت

تفتان (نامہ نگار)تفتان، نوکنڈی سمیت پورا ضلع متاثر، عوام پریشان، راجے گیٹ کھولنے اور فوری ریلیف کا مطالبہ، ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث پاکستان کے مغربی سرحدی ضلع چاغی میں معاشی و سماجی بحران شدت اختیار کر گیا ہے۔ تفتان، نوکنڈی، دالبندین اور ملحقہ علاقوں سمیت پورے ضلع میں ایرانی اشیائے خوردونوش و غذا، پٹرول، ڈیزل اور گیس کی فراہمی تعطل کا شکار ہو چکی ہے، جس کے نتیجے میں عام شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں ذرائع کے مطابق، ایران سے معمول کے مطابق آنے والی غذائی اشیاء اور ایندھن کی ترسیل گزشتہ دنوں سے معطل ہے، جس کے باعث پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگی ہیں، جبکہ ایرانی گیس کی قلت نے گھریلو زندگی کو بھی متاثر کر دیا ہے۔ علاقے میں مہنگائی میں ہوشربا اضافہ ہو چکا ہے، اور اشیائے ضروریہ عوام کی پہنچ سے باہر ہو گئی ہیں مقامی تاجروں کا کہنا ہے کہ ایران کے ساتھ سرحد پر واقع راجے گیٹ کو فوری طور پر کھولا جائے تاکہ ایرانی پٹرول، ڈیزل اور گیس کی ترسیل دوبارہ بحال ہو سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اقدام سے ضلع چاغی کے عوام کو ریلیف ملے گا اور بڑھتی ہوئی بےروزگاری پر بھی قابو پایا جا سکے گا عوامی حلقوں نے وفاقی حکومت، بلوچستان کی صوبائی انتظامیہ اور ضلعی حکام سے اپیل کی ہے کہ ضلع چاغی میں جاری سنگین قلت اور معاشی دباؤ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر ہنگامی ریلیف اقدامات کیے جائیں، تاکہ پسماندہ سرحدی علاقے مزید بحران کا شکار نہ ہوں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں