بلوچستان اپیکس کمیٹی کا اجلاس دہشتگردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور بلوچستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک فیصلہ کن پیش رفت ہے،وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کوئٹہ میں منعقدہ بلوچستان اپیکس کمیٹی کا اجلاس دہشت گردی کے مکمل خاتمے، پائیدار امن کے قیام اور بلوچستان کے روشن مستقبل کی جانب ایک فیصلہ کن پیش رفت ہے۔ اجلاس میں قومی اور صوبائی سیاسی و عسکری قیادت نے دہشت گردی کے خلاف غیر متزلزل عزم کا اظہار کرتے ہوئے اس امر پر اتفاق کیا کہ ریاست دشمن عناصر، ان کے سہولت کاروں اور پاکستان کے خلاف سرگرم تمام دہشت گرد نیٹ ورکس کو ہر قیمت پر شکست دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان کا قیام حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاک فوج، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور انٹیلی جنس ادارے مکمل ہم آہنگی اور یکسوئی کے ساتھ کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اجلاس میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، انسداد دہشت گردی کی حکمت عملی، انٹیلی جنس کوآرڈینیشن، سرحدی سلامتی اور دہشت گردوں کے خلاف جاری کارروائیوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور متعدد اہم فیصلے کیے گئے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے واضح کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشت گردی اور بدامنی کے مکمل خاتمے کے لیے ریاست اپنے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ یہ عزم پوری قوم کی آواز ہے اور اس پر عملدرآمد کے لیے تمام ریاستی ادارے متحد اور پرعزم ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاک فوج نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں غیر معمولی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرات، قربانی اور قومی عزم کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے، ملکی سرحدوں کے دفاع اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بے مثال کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج پوری قوم کا فخر ہیں اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، قربانیوں اور کامیاب کارروائیوں کی بدولت دہشت گردی کے خلاف جنگ میں نمایاں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج، پولیس، لیویز، فرنٹیئر کور، قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں اور انٹیلی جنس اداروں کے افسران اور جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرکے وطن کے دفاع کی ایک درخشاں تاریخ رقم کی ہے۔ شہداء کی قربانیاں پوری قوم کا سرمایہ ہیں اور انہی قربانیوں کی بدولت پاکستان کا امن، استحکام اور قومی سلامتی محفوظ ہاتھوں میں ہے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کار بلوچستان کے عوام کی ترقی، خوشحالی اور قومی یکجہتی کے دشمن ہیں۔ ایسے عناصر کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور ریاست پوری قوت اور قانون کے مطابق ان کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے باشعور عوام نے ہمیشہ دہشت گردی اور انتہا پسندی کو مسترد کیا ہے اور آئندہ بھی اپنی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں، معدنی وسائل، گوادر کی ترقی، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش ناکام بنائی جائے گی۔ امن ہی ترقی کی بنیاد ہے اور حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کے ساتھ ساتھ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے سفر کو مزید تیز کرے گی وزیراعلیٰ نے کہا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں قومی اور صوبائی سیاسی و عسکری قیادت نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا، قومی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور بلوچستان کو امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے لیے تمام ادارے مکمل اتحاد، مربوط حکمت عملی اور قومی جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں