قومی میڈیا بلوچستان کو صرف کرائم نیوز تک محدود نہ رکھے، ترقی اور عوامی فلاح کے اقدامات بھی اجاگر کیے جائیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قومی میڈیا چینلز کے کوئٹہ بیوروز کی بندش اور میڈیا ورکرز کی برطرفیوں پر ایک بار پھر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ میڈیا ہاؤسز کے مالکان کو غریب اور محنت کش میڈیا کارکنوں کے مسائل کا احساس کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ بیشتر قومی ٹی وی چینلز کے مالکان ان کے ذاتی دوست ہیں، تاہم وہ اس اہم معاملے پر انہیں اپنی تشویش سے آگاہ کر چکے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے 20ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان میں شریک قومی میڈیا کے صحافیوں کے سوالات کے جواب دیتے ہوئے کیا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے میڈیا ورکرز کی اکثریت محدود وسائل میں اپنے فرائض انجام دینے والے محنت کش افراد پر مشتمل ہے حکومت نے ہمیشہ کیمرے کے سامنے نظر آنے والے صحافیوں کے ساتھ ساتھ کیمرے کے پیچھے خدمات انجام دینے والے کیمرہ مین اور دیگر میڈیا کارکنوں کی فلاح و بہبود کو بھی مدنظر رکھا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کیمرہ مین حضرات کے لیے جرنلسٹ کالونی میں مفت رہائشی فلیٹس تعمیر کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس پر عملی پیش رفت جاری ہے میر سرفراز بگٹی نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ قومی میڈیا میں بلوچستان کو زیادہ تر کرائم نیوز تک محدود کر دیا جاتا ہے، جبکہ صوبے میں جاری ترقیاتی منصوبوں، گڈ گورننس اور عوامی فلاح و بہبود کے اقدامات کو وہ توجہ نہیں ملتی جس کے وہ مستحق ہیں انہوں نے کہا کہ نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے ہر بیچ میں قومی میڈیا کے اہم صحافی شریک ہوتے ہیں، جہاں انہیں بلوچستان کے زمینی حقائق، عوامی مسائل اور حکومتی اقدامات سے براہِ راست آگاہی حاصل ہوتی ہے۔ ایسے میں قومی میڈیا کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ امن و امان کی صورتحال کے ساتھ ساتھ ریاست اور حکومت بلوچستان کی جانب سے جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کے اقدامات کو بھی اجاگر کرے۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے دور دراز علاقوں میں پیش آنے والے جرائم کی خبریں فوری طور پر قومی میڈیا کی زینت بن جاتی ہیں، مگر عوامی فلاح کے لیے کیے جانے والے تاریخی اقدامات اکثر نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ روز بلوچستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ای-لوکل اور ای-ڈومیسائل سرٹیفکیٹ کے اجراء کا جدید نظام متعارف کرایا گیا، لیکن اس اہم اصلاحاتی اقدام کو قومی ٹی وی چینلز پر وہ نمایاں جگہ نہیں مل سکی جو کرائم نیوز کو دی جاتی ہے انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان محدود ترقیاتی بجٹ کے باعث دیگر صوبوں کی طرح بڑے پیمانے پر تشہیری مہمات پر وسائل خرچ نہیں کر سکتی۔ ہماری ترجیح اپنی تشہیر کے بجائے ان وسائل کو عوامی خدمت پر صرف کرنا ہے تاکہ کسی دور افتادہ دیہی علاقے میں ایک اسکول یا اسپتال کو فعال بنایا جا سکے۔ وقتی تعریف سے زیادہ ہمارے لیے عوام کی خدمت اور تاریخ کا فیصلہ اہم ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ حکومت کی تمام پالیسیوں اور اقدامات کا محور بلوچستان کا وہ عام محنت کش شہری ہے جو سخت گرمی اور شدید سردی میں بھی اپنے خاندان کی کفالت کے لیے جدوجہد کر رہا ہے، اور حکومت اسی طبقے کی زندگی بہتر بنانے کے لیے عملی اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے انہوں نے اصلاحاتی ایجنڈے اور گڈ گورننس کے فروغ میں چیف سیکرٹری بلوچستان شکیل قادر خان کی خدمات کو بھی سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حکومتی مشینری کے پرنسپل ایڈوائزر افسر کی حیثیت سے ہمیشہ قانون، میرٹ، شفافیت اور عوامی مفاد کو ترجیح دی ہے، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اس موقع پر نیشنل ورکشاپ بلوچستان میں شریک قومی میڈیا کے صحافیوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ اپنے اپنے اداروں اور پروگراموں میں بلوچستان کے ترقیاتی پہلو، اصلاحاتی اقدامات اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو بھی خصوصی اہمیت کے ساتھ اجاگر کریں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں