سیوی(رپورٹر)ڈپٹی کمشنر سیوی میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا ہے کہ والدین اور اساتذہ بچوں کی تعلیم و تربیت پر خصوصی توجہ دیں اور موجودہ حالات کے پیش نظر ان کی ہر قسم کی سرگرمیوں پر نظر رکھیں تاکہ نوجوان نسل کو منفی رجحانات اور گمراہ کن عناصر سے محفوظ رکھا جا سکے انہوں نے یہ بات گزشتہ روز ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں ایس ایس پی سیوی عبدالحمید٬کرنل عبدالمنان٬کرنل زبیر٬چئیرمین میونسپل کمیٹی سردار محمدخان خجک٬اسسٹنٹ کمشنر لہڑی٬متعلقہ محکموں کے افسران، تعلیمی اداروں کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ افراد نے شرکت کی ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ نوجوان ہمارا قیمتی سرمایہ ہیں، ان کی بہتر تعلیم، مثبت کردار سازی اور اخلاقی تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ والدین اپنے بچوں کی تعلیمی سرگرمیوں، دوستوں اور روزمرہ معمولات پر نظر رکھیں جبکہ اساتذہ بھی طلبہ کی ذہنی و اخلاقی تربیت کے ساتھ ان کی مثبت رہنمائی کو یقینی بنائیں انہوں نے کہا کہ بچوں کو بری صحبت، منشیات، جرائم پیشہ عناصر اور ریاست مخالف سرگرمیوں میں ملوث افراد سے ہر صورت دور رکھا جائے اگر کسی علاقے میں مشکوک سرگرمیاں یا ایسے عناصر موجود ہوں جو نوجوانوں کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہوں تو فوری طور پر متعلقہ اداروں کو آگاہ کیا جائے تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے میجر (ر) الیاس کبزئی نے کہا کہ معاشرے میں امن و امان کے قیام اور نوجوان نسل کے محفوظ مستقبل کے لیے والدین، اساتذہ، علمائے کرام، قبائلی عمائدین، سول سوسائٹی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشترکہ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ضلعی انتظامیہ عوام کے تعاون سے سیوی کو امن، ترقی اور خوشحالی کا گہوارہ بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی

