ایلون مسک کا کرسٹوفر نولن کی فلم ’اوڈیسی‘ کا اے آئی ورژن بنانے کا اعلان

ارب پتی کاروباری شخصیت ایلون مسک نے اعلان کیا ہے کہ ان کا مصنوعی ذہانت پر مبنی پلیٹ فارم ’گروک امیجن‘ رواں سال کے اختتام سے قبل قدیم یونانی رزمیہ شاعری (Epic Poetry) اوڈیسی پر مبنی مکمل فلم پیش کرے گا جو شاعر ہومر کے اصل شاہکار سے مکمل طور پر میل کھائے گی۔

ایلون مسک نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بتایا ہے کہ گروک امیجن سے بنائی جانے والی فلم تاریخی اعتبار سے درست ہو گی اور ہومر کے اصل فن کی عکاسی کرے گی۔

انہوں نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ تقریباً 3 منٹ کی اے آئی سے تیار کردہ ویڈیو بھی شیئر کی جس میں اوڈیسیئس اور کلیپسو کا ایک منظر دکھایا گیا ہے۔

کرسٹوفر نولن کی فلم دی اوڈیسی کے ٹکٹ ریلیز سے 1 سال قبل 3 منٹ میں فروخت

اس سے قبل ایلون مسک نے ایک صارف کی اس تجویز کی بھی حمایت کی تھی کہ ہدایت کار میل گبسن تقریباً 100 ملین ڈالرز کی لاگت سے ایسی فلم بنائیں جس میں تاریخی طور پر درست جہاز، ہتھیار، زرہیں، کردار اور ہومر کی اصل نظم کے مکالمے شامل ہوں۔

صارف کی اس تجویز پر ایلون مسک نے جواب دیا تھا کہ ’میں تیار ہوں‘۔

ایلون مسک نے حالیہ دنوں میں برطانوی امریکی ہدایت کار کرسٹوفر نولن کی فلم اوڈیسی کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

انہوں نے الزام عائد کیا کہ نولن نے ایوارڈز حاصل کرنے کے لیے اصل کہانی کو تبدیل کیا ہے۔

ایلون مسک نے فلم کی کاسٹنگ پر بھی اعتراض کرتے ہوئے اداکارہ لوپیٹا نیونگو کو ہیلن آف ٹرائے کے کردار میں لینے کے فیصلے پر تنقید کی اور ایک موقع پر کرسٹوفر نولن کو ’نسل پرستانہ رویہ رکھنے والا‘ فلم ساز بھی قرار دیا۔

کرسٹوفر نولن کی نئی فلم ’دی اوڈیسی‘ کا پہلا ٹریلر ریلیز

دوسری جانب تمام تنقید کے باوجود کرسٹوفر نولن کی اوڈیسی نے شاندار آغاز کیا ہے۔

باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق فلم نے افتتاحی ہفتے میں دنیا بھر سے 264.06 ملین ڈالرز سے زائد کا کاروبار کیا ہے جو رواں سال کی بڑی کامیابیوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں