اسلام آباد : ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے چیئرمین ڈاکٹر نیاز احمد اختر نے قومی پیشہ ورانہ و فنی تربیت کمیشن (نیوٹیک) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے نیوٹیک کے چیئرمین انجینئر قمر السلام راجہ سے ملاقات کی۔
ملاقات میں ہائر ایجوکیشن کمیشن اور نیوٹیک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید مستحکم بنانے، مہارتوں کی ترقی کو فروغ دینے، اعلیٰ تعلیم اور فنی و پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت کے شعبوں کے درمیان موثر روابط قائم کرنے اور گریجویٹس کو صنعت کی ضروریات سے ہم آہنگ عملی مہارتوں سے آراستہ کرنے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر دونوں اداروں کے سربراہان نے اس امر پر اتفاق کیا کہ ملک کی بدلتی ہوئی افرادی قوت کی ضروریات اور قومی ترقی کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے اعلیٰ تعلیم اور فنی تربیت کے اداروں کے درمیان مضبوط اشتراک ناگزیر ہے۔ ملاقات میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ نوجوانوں کو روزگار کے بہتر مواقع فراہم کرنے، صنعت سے ہم آہنگ مہارتوں کے فروغ اور قومی معیشت کی ضروریات کے مطابق انسانی وسائل کی تیاری کے لیے دونوں ادارے مشترکہ اقدامات کو مزید وسعت دیں گے۔

