محرم الحرام کے دوران جلوسوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کی جائے گی،ڈپٹی کمشنرجعفرآباد خالد خان

جعفرآباد(این این آئی) محرم الحرام کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد خالد خان کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں محرم الحرام کے عشرہ اول کے دوران سیکیورٹی، صفائی ستھرائی، صحت عامہ اور دیگر انتظامی امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ایاز حسین جمالی، پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ایگزیکٹو انجینیئر محمد کاظم لونی، ایم ایس سول ہسپتال ڈاکٹر محمد رفیق گھنیہ، پولیس اور انٹیلیجنس اداروں کے نمائندگان سمیت دیگر متعلقہ ضلعی آفیسران شریک تھے۔ اجلاس میں تمام لائن ڈیپارٹمنٹس سے محرم کے حوالے سے تجاویز لی گئیں تاکہ عشرہ محرم کے دوران عوام کو مکمل سہولیات فراہم کی جا سکیں۔ ڈپٹی کمشنر خالد خان نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام ماتمی جلوس اپنے مقررہ روٹس اور اوقات کے مطابق بخیر و خوبی اختتام پزیر ہوں گے اور اس دوران سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ انہوں نے میونسپل اداروں کو ہدایت کی کہ ماتمی جلوسوں کے راستوں کی صفائی ستھرائی اور روشنی کا مکمل بندوبست کیا جائے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ جلوس کے دنوں میں شہر بھر میں پانی کی فراہمی کا خاص خیال رکھا جائے اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے سول ہسپتال کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ محرم کے دوران ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف اپنی خدمات نہایت خوش اسلوبی اور ذمہ داری کے ساتھ سرانجام دیں، جبکہ جلوسوں کے دوران طبی سہولیات سے لیس ٹیمیں بھی جلوس کے ہمراہ موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے علماء کرام پر زور دیا کہ وہ فلسفہ شہادت امام حسین? کو عوام کے سامنے بہتر انداز میں پیش کریں تاکہ نوجوان نسل واقعہ کربلا کے حقیقی پیغام سے روشناس ہو سکے۔ انہوں نے تمام محکموں کو باہمی رابطے اور حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ محرم الحرام کے احترام میں ہر ممکن اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں