سیلینا گومز پر سرمایہ کاروں کا فراڈ کا الزام، ذہنی صحت کے اسٹارٹ اپ پر مقدمہ

امریکی گلوکارہ اور اداکارہ سیلینا گومز کو ذہنی صحت کے اسٹارٹ اپ ’ونڈر مائنڈ‘ سے متعلق مقدمے کا سامنا ہے۔

بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق سرمایہ کاروں نے الزام عائد کیا ہے کہ انہوں نے کمپنی کی تعمیر اور تشہیر سے متعلق اپنی ذمہ داریاں پوری نہیں کیں۔

رپورٹس کے مطابق پانچ سرمایہ کاروں نے 2022 میں ونڈر مائنڈ گلوبل میں تقریباً 1.2 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی تھی۔

2021 میں شروع ہونے والی اس کمپنی کا مقصد صارفین کی ’ذہنی صحت‘ بہتر بنانے میں مدد فراہم کرنا تھا۔

مقدمے کے مطابق سیلینا گومز کمپنی کی شریک بانی، چیف امپیکٹ آفیسر اور مارکیٹنگ کی سربراہ تھیں۔

سرمایہ کاروں کا دعویٰ ہے کہ انہیں کمپنی کی قدر و قیمت، ممکنہ شراکت داری، اشتہاری معاہدوں اور ایک نئی موبائل ایپ کے حوالے سے توقعات دلائی گئیں تاہم یہ منصوبے عملی شکل اختیار نہ کرسکے۔

مقدمے میں سیلینا گومز کی والدہ اور کمپنی کی سابق کاروباری ساتھی کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

سیلینا گومز کی والدہ نے ذاتی اخراجات کے لیے سرمایہ کاروں کی رقم استعمال کرنے کے الزام کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب مقدمے میں لگائے گئے الزامات تاحال عدالت میں ثابت نہیں ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں