اگست کا دن ہمیں اللہ تعالی کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں شہدا کی قربانیوں اور لاکھوں مسلمانوں کی ہجرت کے بعد حاصل ہوئی، سیکرٹری عبدالصمد گورگیج

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی ہزارہ ٹاون کے زیراہتمام پارلیمانی سیکرٹری سیکرٹری عبدالصمد گورگیج اور انجینئر ہادی عسکری کی قیادت میں جشن آزادی کی مناسبت سے پارٹی کے دفتر سے ایک ریلی نکالی گئی جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی مین چوک پرپہنچ کر جلسے کی شکل اختیار کرگئی۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے پارلیمانی سیکرٹری سیکرٹری عبدالصمد گورگیج، انجینئر ہادی عسکری اوردیگر نے کہا کہ 14اگست کا دن ہمیں اللہ تعالی کی اس عظیم نعمت کی یاد دلاتا ہے جو ہمیں شہدا کی قربانیوں اور لاکھوں مسلمانوں کی ہجرت کے بعد حاصل ہوئی، یومِ آزادی اللہ تعالی کا شکر بجا لانے کا تقاضا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کیلئے بے مثال قربانیاں پیش کر کے خطہ ارض پاکستان حاصل کر کے ہمیں دیا اب ہم نے اس ملک کو آگے لیجانا ہے اس لئے جو جہاں بھی ہے اسے قائد اعظم محمد علی جناح کے فرمودات کے مطابق انتھک محنت کر کے پاکستان کی ترقی و خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ ہم خوش قسمت ہیں کہ ایک آزاد وطن کی فضا میں سانس لے رہے ہیں تصور پاکستان علامہ اقبال نے بر صغیر کے مسلمانوں کیلئے جس آزاد وطن کا خواب دیکھا تھا قائد اعظم محمد علی جناح نے غیور مسلمانوں کی آواز بن کر اسے شرمندہ تعبیر کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی بنیادوں میں ہماری ماوں بہنوں، بچوں بوڑھوں ونوجوانوں کی قربانیوں کا خون شامل ہے اس لئے آج کے دن ہمیں 14 اگست 1947 کے شہدا کو بھی ہر گز نہیں بھولنا چاہئے ہمیں قائد اعظم کے سلوگن ایمان،اتحاد و یقین محکم پر عمل پیرا ہو کرملکی ترقی وخوشحالی میں اپنا اہم کردار ادا کرنا چاہئے کیونکہ پاکستان ہے تو ہم ہیں ہمیں آپس کے تمام تر اختلافات کو پس پشت ڈال کر اتفاق و اتحاد کا عملی مظاہرہ کرتے ہوئے ملک کے اندرونی اور بیرونی دشمنوں پر بھی کڑی نگاہ رکھنی چاہئے تا کہ کسی کو بھی ارض وطن کو نقصان پہنچانے کی ہمت نہ ہو سکے۔انہوں نے ملک کی سلامتی اور دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازی ہمارے قومی ہیروز ہیں جن کی قربانیاں پوری قوم کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کو ہمیشہ عزت و احترام کے ساتھ یاد رکھے گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے اور ہماری بہادر افواج ملکی سلامتی اور دفاع کے لیے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں