صحبت پور(رپورٹ اعجاز پیچوہا) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ کی جانب سے اپنے حلقہ انتخاب صحبت پور میں یومِ آزادی پاکستان بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ کھوسہ ہاؤس صحبت پور میں 14 اگست کے موقع پر پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں قومی پرچم لہرایا گیا۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کارکنان، سیاسی و سماجی شخصیات اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے بعد شاندار ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے قومی پرچم اٹھا کر پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے اور وطنِ عزیز سے محبت کا اظہار کیا۔بعد ازاں کھوسہ ہاؤس صحبت پور میں ایک بڑا جلسہ عام منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری پہچان اور ہماری سب سے بڑی قوت ہے۔ آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کی حفاظت اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔جشنِ آزادی کی تقریبات کے دوران کھوسہ ہاؤس سمیت مختلف مقامات پر قومی پرچم اور سبز ہلالی پرچموں سے سجایا گیا، جبکہ شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی عزم کا اظہار کیا۔صحبت پور میں یومِ آزادی کی یہ تقریبات قومی جذبے، اتحاد اور پاکستان سے والہانہ محبت کی بھرپور عکاسی کرتی رہیں۔

