مویشی پال حضرات ملکی و صوبائی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی ہیں، مسائل نظرانداز نہیں کیے جا سکتے: نعیم کھوسو

سیوی(رپورٹڑ)ڈپٹی ڈائریکٹر لائیو اسٹاک اینڈ ریسرچ ڈاکٹر عبدالنعیم کھوسو نے کہا ہے کہ مویشی پال حضرات کو درپیش مسائل کا حل، جانوروں کی بروقت و معیاری ویکسینیشن، علاج معالجے کی سہولیات کی فراہمی اور لائیو اسٹاک کے شعبے کو جدید خطوط پر استوار کرنا محکمہ کی اولین ترجیحات میں شامل ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں لائیو اسٹاک کا شعبہ نہ صرف دیہی معیشت میں اہم کردار ادا کر رہا ہے بلکہ ہزاروں خاندانوں کا روزگار بھی مویشی پالنے سے وابستہ ہے، اس لیے محکمہ لائیو اسٹاک کی ذمہ داری ہے کہ مویشی پال حضرات کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں اور ان کے قیمتی جانوروں کو مختلف بیماریوں سے محفوظ رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں ڈاکٹر عبدالنعیم کھوسو کا کہنا تھا کہ مویشیوں کی صحت بہتر ہوگی تو گوشت اور دودھ کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا جس سے نہ صرف عوام کو معیاری غذائی اشیاء میسر آئیں گی بلکہ مویشی پال حضرات کی آمدن میں بھی اضافہ ممکن ہوگا۔ انہوں نے محکمہ کے فیلڈ اسٹاف پر زور دیا کہ وہ دیہی علاقوں میں اپنی موجودگی یقینی بناتے ہوئے مویشی پال حضرات کو علاج، ویکسینیشن اور ضروری رہنمائی فراہم کریں انہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے جانوروں کی صحت اور صفائی کا خصوصی خیال رکھیں، کسی بھی بیماری کی علامات ظاہر ہونے کی صورت میں فوری طور پر محکمہ لائیو اسٹاک کے متعلقہ عملے سے رابطہ کریں تاکہ بروقت تشخیص اور علاج کے ذریعے بیماری کو مزید پھیلنے سے روکا جاسکےانہوں نے کہا کہ مویشی پال حضرات ملک و صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے مسائل کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا، محکمہ لائیو اسٹاک دستیاب وسائل میں رہتے ہوئے انہیں ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں