صحبت پور (عطا محمد کھوسہ ): گوٹھ اسحاق خان کھوسہ کے قریب تین افراد کی گولیاں لگی لاشیں برآمد ہونے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے تینوں لاشوں کو تحویل میں لے کر ضروری قانونی کارروائی کے لیے میر ظہور حسین کھوسہ میموریل ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال صحبت پور منتقل کیا۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق تینوں لاشوں کا طبی معائنہ اور دیگر قانونی تقاضے مکمل کرنے کے بعد انہیں پولیس کی نگرانی میں سرد خانے منتقل کر دیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں جبکہ واقعے کی نوعیت اور ہلاکتوں کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ تاحال تینوں افراد کی شناخت نہیں ہو سکی اور واقعے کے محرکات بھی سامنے نہیں آئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ لاشوں کی شناخت اور مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

