سیوی(رپورٹر)ڈویژنل ڈائریکٹر محکمہ تعلیم سیوی ڈویژن بلال احمد بڑیچ نے کہا ہے کہ اساتذہ قوم کے معمار ہیں وہ اپنی ذمہ داریاں ایمانداری فرض شناسی اور محنت کے ساتھ ادا کریں تدریسی عمل میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ دورانِ چیکنگ اگر کوئی استاد غیر حاضر پایا گیا یا فرائض میں غفلت کا مرتکب ہوا تو اس کے خلاف محکمانہ قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا کے صدر میر اللہ داد رند سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ڈویژنل ڈائریکٹر تعلیم بلال احمد بڑیچ نے کہا کہ سیوی ڈویژن کے تمام سرکاری اسکول یکم اگست سے کھل چکے ہیں اور محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو معمول کے مطابق جاری رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اساتذہ کرام کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ وہ اسکولوں میں اپنی حاضری یقینی بناتے ہوئے طلبہ و طالبات کو معیاری تعلیم فراہم کریں۔ صرف اسکول میں حاضری کافی نہیں بلکہ اساتذہ بچوں کی تعلیمی استعداد بہتر بنانے، ان کی اخلاقی تربیت اور نصابی سرگرمیوں پر خصوصی توجہ دیں تاکہ مستقبل کے معماروں کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے بلال احمد بڑیچ نے مزید کہا کہ محکمہ تعلیم کی ٹیمیں مختلف اسکولوں کا باقاعدگی سے معائنہ کریں گی اور اس دوران اساتذہ کی حاضری، تدریسی سرگرمیوں، طلبہ کی حاضری اور اسکولوں میں تعلیمی ماحول کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ڈیوٹی سے غیر حاضر رہنے والے یا فرائض میں کوتاہی کرنے والے اساتذہ کے خلاف بلاامتیاز محکمانہ کارروائی کی جائے گی انہوں نے والدین پر بھی زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو باقاعدگی سے اسکول بھیجیں اور ان کی حاضری کو یقینی بنائیں، کیونکہ حکومت کی جانب سے بچوں کو تعلیم کی سہولت فراہم کرنے کے لیے وسائل اور مواقع مہیا کیے جا رہے ہیں۔ والدین، اساتذہ اور محکمہ تعلیم کے درمیان باہمی تعاون ہی سے تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکتا ہے ڈویژنل ڈائریکٹر تعلیم نے کہا کہ حکومت کی ترجیح معیاری تعلیم کا فروغ اور اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیوں کو مؤثر بنانا ہے، اس مقصد کے حصول کے لیے محکمہ تعلیم کے افسران اور اساتذہ کو اپنی ذمہ داریاں پوری سنجیدگی سے ادا کرنا ہوں گی انہوں نے کہا کہ کسی بھی استاد کی جانب سے فرائض میں غفلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا جبکہ محنت اور بہتر کارکردگی دکھانے والے اساتذہ کی حوصلہ افزائی بھی کی جائے گی

