کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان صوبائی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے محکمہ صحت کا اجلاس چیئرمین ڈاکٹر محمد نواز کبزئی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں اراکین اسمبلی شاہدہ رؤف، ڈاکٹر ربابہ خان بلیدی، صمد خان گورگیج، سیکریٹری اسمبلی طاہر شاہ کاکڑ، اسپیشل سیکریٹری اسمبلی عبد الرحمن، سیکریٹری صحت مجیب الرحمن پانیزئی سمیت محکمہ صحت کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں صحت کے شعبے سے متعلق اہم قانون سازی پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا، جن میں بلوچستان ہیلتھ انسٹی ٹیوشن ریفارمز بل 2025 (مسودہ قانون نمبر 20)،بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیو ویسکولر ڈیزیزز بل 2025 (مسودہ قانون نمبر 21)،بلوچستان انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ سروسز بل 2025 (مسودہ قانون نمبر 22)،بلوچستان مٹرنل اینڈ پیرینٹیل ڈیتھ سرویلنس اینڈ ریسپانس بل 2025 (مسودہ قانون نمبر 23)شامل تھے اجلاس کے دوران محکمہ صحت کی جانب سے بلوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس کے بعد کمیٹی کے اراکین نے مختلف نکات پر سوالات اٹھائے اور اپنی قابلِ قدر تجاویز و سفارشات پیش کیں۔ اراکین کی جانب سے بل کی مختلف شقوں پر سنجیدہ اور بامقصد تبادلہ خیال کیا گیا، جس سے قانون سازی کے عمل کو مزید مؤثر بنانے میں مدد ملی۔قائمہ کمیٹی نے سفارش کی کہ مذکورہ بلوں پر ایک اور اجلاس منعقد کیا جائے تاکہ مزید مشاورت ممکن ہو سکے۔ اجلاس کے اختتام پر بلوچستان اسمبلی میں قائم بیسک ہیلتھ یونٹ کا دورہ بھی کیا گیا۔اجلاس کے دوران اراکین کی دلچسپی، بصیرت اور سنجیدہ تجاویز قانون سازی کے معیار کو بہتر بنانے میں معاون ثابت ہوں گی۔ کمیٹی کی سفارشات کو شامل کرنے کے بعد بلوں کو منظوری کے لیے بلوچستان اسمبلی میں پیش کیا جائے گا۔

