ممبئی : بالی ووڈ اداکارہ پریتی زنٹا نے آج کل بننے والی رومانوی اور مزاحیہ فلموں کے حوالے سے اپنی رائے کا اظہار کیا ہے ۔ ایک انٹرویو کے دوران پریتی زنٹا نے کہا کہ آج کل رومانس بہت حد تک کسی ایپ پر جانے اور لوگوں کو سوائپ کرنے جیسا ہوگیا ہے ۔اداکارہ کا کہنا ہے کہ گہرائی، محبت اور حقیقی جذبات کی کمی محسوس ہوتی ہے ، انسان ڈیجیٹل دنیا میں کچھ بھی محسوس کرسکتا ہے ، لیکن اسے حقیقی دنیا میں زندگی گزارنی ہوتی ہے ۔پریتی زنٹا نے واضح کیا کہ میں آج کی فلموں کو مکمل طور پر تنقید کا نشانہ نہیں بنا رہی، اگرچہ شاید رومانوی مزاحیہ فلمیں کم بن رہی ہیں، لیکن دیگر شعبوں میں خوبصورت فلمیں بن رہی ہیں اور بہت سی فلمیں واقعی شاندار ہیں۔

