کراچی (اسٹاف رپورٹر) آستانہ عالیہ حمیدیہ نقشبندیہ سیفیہ، جونیجو ٹاؤن، مدنی گرامر اسکول میں دربار عالیہ نیریال شریف آزاد کشمیر کے سجادہ نشین پیر شمس العافین صدیقی کی آمد کے موقع پر خصوصی محفلِ ذکر و نعت کا انعقاد کیا گیا۔ آستانہ عالیہ آمد پر میزبان پیرِ طریقت، رہبرِ شریعت ڈاکٹر صوفی پیر محمد ریاض حمیدی سیفی نقشبندی نے معزز مہمان کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔اس موقع پر منعقدہ روح پرور محفل میں ذکرِ الٰہی اور بارگاہِ رسالت مآب ﷺ میں عقیدت و محبت کے اظہار کے لیے نعتیہ کلام پیش کیا گیا۔ حافظ عبدالرحمن سیفی، عبداللہ سیفی اور محمد وسیم سیفی نے انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ بارگاہِ رسالت ﷺ میں ہدی نعت پیش کیا، جس سے محفل کا روحانی ماحول مزید پُرنور ہوگیا۔ شرکائے محفل نے نعتیہ کلام پر محبت و عقیدت کا اظہار کرتے ہوئے درود و سلام کا ورد کیا۔محفل کے دوران پیر شمس العافین صدیقی اور ڈاکٹر صوفی پیر محمد ریاض حمیدی سیفی نقشبندی نے ذکرِ الٰہی، محبتِ رسول ﷺ اور روحانی تربیت کی اہمیت پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ذکر و نعت کی محافل مسلمانوں کے دلوں میں محبتِ رسول ﷺ کو مزید مضبوط کرنے اور دینی و روحانی وابستگی کو فروغ دینے کا ذریعہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اولیائے کرام اور مشائخ عظام کی تعلیمات کا بنیادی مقصد انسان کو اللہ تعالیٰ کی معرفت، اخلاقِ حسنہ اور محبتِ رسول ﷺ کی طرف راغب کرنا ہے۔اس روح پرور اور بابرکت محفل میں ڈاکٹر عبدالرؤف سیفی محمد رمضان، محمد اختر، قاری علی زمان سمیت دیگر معززین، عقیدت مندوں اور وابستگانِ سلسلہ نے خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر آستانہ عالیہ سے وابستہ افراد نے پیر شمس العافین صدیقی کی آمد پر خوشی کا اظہار کیا اور ان کی خدمت میں عقیدت و احترام پیش کیا۔محفل کے اختتام پر ملک و ملت، امتِ مسلمہ، پاکستان کی سلامتی، استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی گئی، جبکہ تمام شرکاء نے روحانی و دینی محافل کے انعقاد کو محبت، اخوت اور دینی شعور کے فروغ کے لیے اہم قرار دیا۔

