200ارب روپے ترقیاتی فنڈز کا دعویٰ کرنیوالے حکمران بتائیں اتنی بڑی رقم کہاں خرچ ہوئی،لالہ یوسف خلجی

کوئٹہ(این این آئی) بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالہ یوسف خلجی نے کہا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران صوبے میں 200ارب روپے ترقیاتی فنڈز کا دعویٰ کرنے والے حکمران عوام کو یہ بتائیں کہ اتنی بڑی رقم کہاں خرچ ہوئی ہے کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگرا ضلاع کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں لالہ یوسف خلجی نے کہا کہ صوبائی حکومت کا دعویٰ ہے کہ صوبے میں رواں مالی سال کے دوران200ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز خرچ کئے گئے ہیں لیکن صوبے میں کوئی بھی بڑا منصوبہ زمین پر نظر نہیں آرہا ہے جس سے یہ بات ظاہرہوتی ہے کہ اتنی بڑی رقم کرپشن اور بدعنوانی کی نظر ہوگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ سمیت صوبے بھر کی سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں ہسپتالوں میں عوام کو ادویات تک میسرنہیں اور عوام مہنگے داموں ادویات اور علاج معالجے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر اسوقت کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے کوئٹہ شہرسے منتخب ہونے والے نصف درجن سے زائد ایم پی ایز، ایم این ایز کی کارکردگی زمین پر کہیں نظرنہیں آرہی ہے بلکہ صرف اخبارت تک محدود ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے بلوچستان کو ترقی دینے کے دعوے صرف اور صرف بیانات تک محدود ہیں عملی طور پر صوبے میں کچھ بھی نظر نہیں آرہاہے۔ انہوں نے کہا کہ وزراء اورارکان اسمبلی لوٹ مار اور کرپشن میں مصروف ہیں انہیں عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایف آئی آے،نیب اوردیگر تحقیقاتی ادارے صوبے میں 200ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز خرچ ہونے کی تحقیقات کریں کہ یہ ترقیاتی فنڈز کہاں خرچ ہوئے ہیں اورحقائق کو عوام کے سامنے پیش کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں