کوئٹہ(این این آئی) مستونگ کے علاقے کنک وادی میں سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 16 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوگیا۔وزیر اعلیٰ بلوچستان کے معاون برائے اطلاعات و سیاسی امور شاہد رند کے مطابق دہشت گردوں نے کنک وادی میں سکیورٹی چوکی پر حملے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 9 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔انہوں نے بتایا کہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کا تعاقب کیا گیا اور کارروائی کے دوران مزید 7 دہشت گرد مارے گئے۔شاہد رند کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے 3 موٹرسائیکلیں، بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔معاون وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ دہشت گردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں سکیورٹی فورسز کا ایک جوان زخمی ہوا۔شاہد رند نے کہا کہ بلوچستان میں ردالفتنہ 3 کے تحت دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مؤثر انداز میں جاری ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیوں کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔

