کارکن پیپلز پارٹی کی طاقت و سرمایہ، وزیراعلیٰ کی کوئٹہ سٹی کے جیالوں کیلئے ہوم سولر سسٹمز کی فراہمی اسی سوچ کا اظہار ہے،ربانی کاکڑ،نورالدین کاکڑودیگر

کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلز پارٹی کے صوبائی رہنماوں نے کہا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ سٹی کے جیالوں کے لیے فراہم کیے گئے ہوم سولر سسٹمز پارٹی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام ہے ہماری کوشش ہے کہ حکومتی سہولیات اور وسائل حقیقی مستحق جیالوں تک شفاف اور منصفانہ انداز میں پہنچیں،پیپلز پارٹی کا اصل سرمایہ اس کے کارکن ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ پارٹی کے ان جیالوں کے ساتھ کھڑے ہوں جو مسلسل پارٹی کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری ربانی کاکڑ، کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ، صوبائی رہنما قاسم خان اچکزئی، شیخ یاسر بشیر،ملک شہزاد شاہوانی، ڈاکٹر سبحان ترین، ظفر اللہ پیرزادہ، ملک شازیب کاسی، عبدالنبی سمالانی، پی ایس ایف کے اسرار اللہ شاہوانی، شالدرہ پلائی تنظیم کے سربراہ عبدالمالک ناصر، کوئٹہ سٹی کے سینئر ساتھی ملک سیف اللہ کاکڑ اوردیگر پاکستان پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے زیرِ اہتمام وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ سٹی کے جیالوں کے لیے فراہم کیے گئے ہوم سولر سسٹمز کی تقسیم کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی تقریب کے دوران ہوم سولر سسٹمز کوئٹہ سٹی کے مستحق جیالوں میں تقسیم کیے گئے یہ سولر سسٹمز پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ کی جانب سے صوبائی قیادت کی ہدایات پر چند ماہ قبل شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیے گئے 37 خوش نصیب جیالوں کو فراہم کیے گئے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری ربانی کاکڑ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی ہمیشہ اپنے کارکنوں کو اپنی طاقت اور سرمایہ سمجھتی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ سٹی کے جیالوں کے لیے ہوم سولر سسٹمز کی فراہمی اسی سوچ کا عملی اظہار ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں کو سہولیات کی فراہمی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر سطح پر اقدامات کیے جائیں گے۔ربانی کاکڑ نے کہا کہ ہوم سولر سسٹمز کی تقسیم کے عمل کو شفاف رکھا گیا ہے اور قرعہ اندازی کے ذریعے 37 جیالوں کا انتخاب اس بات کا ثبوت ہے کہ پارٹی کارکنوں تک سہولیات میرٹ اور شفاف طریقے سے پہنچانے کی کوشش کی گئی ہے۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ اور سٹی تنظیم کو اس اقدام پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ کارکنوں کی فلاح و بہبود اور ان کے مسائل کو ترجیح دینا پارٹی تنظیموں کی اہم ذمہ داری ہے۔پیپلز پارٹی کوئٹہ سٹی کے صدر نورالدین کاکڑ نے کہا کہ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی جانب سے کوئٹہ سٹی کے جیالوں کے لیے فراہم کیے گئے ہوم سولر سسٹمز پارٹی کارکنوں کی فلاح و بہبود کے لیے ایک اہم اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ حکومتی سہولیات اور وسائل حقیقی مستحق جیالوں تک شفاف اور منصفانہ انداز میں پہنچیں۔انہوں نے کہا کہ صوبائی قیادت کی ہدایات پر چند ماہ قبل سولر سسٹمز کے لیے درخواستیں جمع کرنے کے بعد شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے 37 خوش نصیب جیالوں کا انتخاب کیا گیا، تاکہ کسی بھی قسم کی سفارش یا امتیاز کے بغیر مستحق کارکنوں کو یہ سہولت فراہم کی جاسکے۔نورالدین کاکڑ نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اصل سرمایہ اس کے کارکن ہیں اور ہماری ذمہ داری ہے کہ پارٹی کے ان جیالوں کے ساتھ کھڑے ہوں جو مسلسل پارٹی کے ساتھ وابستہ رہتے ہوئے اپنی خدمات انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی کوئٹہ سٹی کے جیالوں کے مسائل اور بنیادی ضروریات کو پارٹی قیادت کے سامنے بھرپور انداز میں اجاگر کیا جائے گا۔انہوں نے وزیرِ اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی اور صوبائی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوامی فلاح اور کارکنوں کی معاونت کے ایسے اقدامات سے نہ صرف جیالوں کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ پارٹی اور کارکنوں کے درمیان تعلق بھی مزید مضبوط ہوتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں