ممبئی (این این آئی)دلجیت دوسانجھ کو اصل شہرت 2011 میں رومانوی فلم جیہنے میرا دل لٹیا سے ملی، جو ان کے کریئر کا ایک اہم سنگ میل ثابت ہوئی۔سال 2012 میں گلوکار نے رومانٹک کامیڈی جٹ اینڈ جولیئٹ میں مرکزی کردار ادا کیا اور یہ کردار ناظرین کو اتنا بھایا کہ اس فلم کے مزید دو حصے بنائے گئے جو سال 2013 جٹ اینڈ جولیئٹ 2 اور سال 2024 جٹ اینڈ جولیئٹ 3 کے نام سے سامنے آئے۔سال 2015 میں دلجیت نے ایک منفرد کردار ادا کیا جب انہوں نے فینٹسی فلم سردار جی میں ایک بھوت پکڑنے والے (Ghost Hunter) کا کردار نبھایا جو ایک مافوق الفطرت محبت کے سحر میں الجھا ہوا ہوتا ہے۔ فلم کی منفرد کہانی اور دوسانجھ کی دلکش اداکاری نے اس فلم کو باکس آفس پراتنا کامیاب بنایا کہ اس کی کامیابی کے بعد سال 2016 میں سردار جی 2 بھی ریلیز ہوئی۔اور اب ہر جانب اس فلم کے تیسرے حصے”سردار جی 3“ کا بول بالا ہے جس کے ٹریلر میں دلجیت کیساتھ پاکستانی اداکارہ ہانیہ عامر مرکزی کردار میں نظر آرہی ہیں۔فلم کا ٹریلر دلجیت اور نیرو کی کھٹی میٹھی باتوں سے ہوتا ہے لیکن ایک دم فریم میں اداکارہ ہانیہ عامر کی انٹری ہوتی ہے جس کے بعد مداحوں کی خوشی کا کوئی ٹھکانہ نہیں رہتا۔ٹریلر میں اداکارہ ہانیہ عامر بڑی خوبصورتی سے پنجابی میں ڈائیلاگ بول رہی ہیں اور ساتھ ہی ساتھ دلجیت کے ساتھ ان کے رومانوی سین اور خاص طور پر ساڑھی میں فلمائے گئے مناظر نے مداحوں کو ٹھنڈی آہیں بھرنے پر مجبور کردیا۔امر ہنڈل کی ہدایت کاری میں بننے والی یہ ہارر کامیڈی فلم رواں ماہ 27 جون 2025 کو اوور سیز سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

