کراچی(این این آئی) جما عت اھلسنّت پاکستان کراچی کے امیر علامہ سید شاہ عبد الحق قادری نے کہا کہ مساجد و مدارس کا مسلمانوں کی مذہبی،معاشی،تعلیمی اور سیاسی زندگی میں اہم کردار ہے، مسجد امت مسلمہ کے نشاط روحانی و فکری رہنمائی کا بھی مرکز ہے،رب کی رضا کیلئے مسجد کی تعمیر میں حصہ لینا باعث اجرو ثواب اور صدقہ جاریہ کا کام ہے۔ انہوں نے قادری مسجد کورنگی نمبر 2 تعمیر نو کی سنگِ بنیاد تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ مسجد نہ صرف عبادت کے لیے ایک خوبصورت مقام فراہم کرے گی بلکہ اسلامی تعلیم و تربیت کا بھی مرکز ثابت ہوگی۔ مسجدکمیٹی کے مطابق مسجد کی تعمیر میں جدید طرزِ تعمیر کو اسلامی روایات کے ساتھ ہم آہنگ رکھا جائے گا۔ مقامی رہائشیوں کا کہنا تھا کہ مسجد کی تعمیر ایک دیرینہ خواب کی تعبیر ہے، اور اس سے نوجوان نسل کو دینی شعور حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔تقریب میں جما عت اھلسنّت کراچی کے سید رفیق شاہ،علامہ شوکت حسین سیالوی،مفتی بلال قادری،قاضی نو ر الاسلام شمس،علامہ بلال سلیم قادری،مولانا جمیل احمد امینی،مفتی فرقان شامی،محمد احمد قاری،مدنی رضا ترابی کثیر تعداد میں اہل محلہ موجود تھے۔

