سیوی (نامہ نگار) ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کا ایک اہم اجلاس صدر میر اللہ داد رند کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں ورکنگ جرنلسٹ میڈیا آفس کی افتتاحی تقریب اور حلف برداری کے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی۔ تقریب میں سیاسی، سماجی و قبائلی شخصیات، ضلعی افسران، علماء کرام اور بلوچستان بھر سے سینئر صحافیوں کی شرکت متوقع ہے ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کے اجلاس میں سینئر نائب صدر اللہ یار ڈومکی، جنرل سیکرٹری خرم شہزاد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری ندیم بابر مغل، آفس سیکرٹری عمران خان مرغزانی اور فنانس سیکرٹری اشتیاق احمد چاچڑ نے شرکت کی۔ اجلاس میں ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ کی تنظیمی سرگرمیوں، صحافتی امور اور میڈیا آفس کی افتتاحی و حلف برداری تقریب کے حوالے سے مختلف امور پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا اجلاس کے شرکاء نے تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے انتظامی معاملات کا جائزہ لیا اور اس بات پر اتفاق کیا کہ افتتاحی تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات کو مدعو کیا جائے گا، جبکہ بلوچستان کے مختلف اضلاع سے سینئر صحافیوں کو بھی خصوصی دعوت دی جائے گی تاکہ صحافتی برادری کے درمیان رابطوں، باہمی تعاون اور یکجہتی کو فروغ دیا جا سکے اجلاس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ ورکنگ جرنلسٹ میڈیا گروپ صحافیوں کے مسائل اجاگر کرنے، صحافتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور عوامی مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ حکام تک پہنچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔ میڈیا آفس کے قیام کو صحافیوں کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی گئی کہ یہ دفتر صحافتی سرگرمیوں اور عوامی مسائل کی نشاندہی کے لیے ایک مؤثر پلیٹ فارم ثابت ہوگا اجلاس کے اختتام پر ورکنگ جرنلسٹ میڈیا آفس کی افتتاحی اور حلف برداری تقریب کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اراکین کو اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کی ضرورت پر زور دیا گیا

