نوجوان طلباء معاشرتی تبدیلی میں کلیدی کردار ادا کریں، بدعنوانی ناقابل قبول ہے، ڈائریکٹر نیب بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)بدعنوانی کے خلاف جاری آگاہی مہم کے سلسلے میں، نیب بلوچستان نے جمعرات کو سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں ”بدعنوانی کے خاتمے میں طلباء کے کردار” کے حوالے سے ایک سیمینار کا انعقاد کیا۔ سیمینار کا بنیادی مقصد نوجوانوں بالخصوص طلباء کو بدعنوانی کے مضر اثرات سے آگاہ کرنا اور بدعنوانی سے پاک معاشرے کی تعمیر کے لیے اجتماعی کوششوں کو فروغ دینا تھا۔ نیب بلوچستان کے سینئر افسران کے ایک وفد نے جناب نیاز حسن ڈائریکٹرنیب کی قیادت میں طلباء اور فیکلٹی کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے نیب کے وژن، مشن اور بدعنوانی کی لعنت کے خاتمے میں طلباء کے اہم کردار پر تبادلہ خیال کیا۔نیب افسران نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان طلباء معاشرے میں تبدیلی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ افسران نے طلباء کو تلقین کی کہ وہ اپنی زندگیوں میں دیانتداری اور احتساب کو بنیاد بنائیں اور بدعنوانی سے نفرت کو اپنی شخصیت کا حصہ بنائیں۔اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے مقررین نے کہا کہ خود احتسابی اور دیانت داری اسلام کے بنیادی اصول ہیں، اور بدعنوانی کی کسی قسم کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ اقربا پروری، رشوت، سفارش، زور زبردستی اور جانبداری کو کرپشن کی اقسام کے طور پر اجاگر کیا گیا اور اس بات پر افسوس کا اظہار کیا گیا کہ یہ رویے ہمارے معاشرے میں معمول بن چکے ہیں۔ اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ طالبات بدعنوانی کے خلاف شعور حاصل کر یں تا کہ مستقبل میں اپنے کو بچپن سے ہی ایمانداری، دیانتداری اور جوابدہی کا درس دے سکیں۔ معاشرے کے اہم ارکان کے طور پر طلباء کی اجتماعی کوششیں بدعنوانی سے پاک معاشرے کی بنیاد رکھنے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں۔ اس موقع پر سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر روبینہ مشتاق نے نیب بلوچستان کی کوششوں کو سراہا اور آئندہ بھی انسداد بدعنوانی کی مہم میں بھرپور تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ سیمینار کا اختتام دونوں فریقین کے اظہار تشکر کے ساتھ دونوں اطراف سے یادگاری شیلڈز کے تبادلہ پر ہوا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں