کوئٹہ+اسلام آباد(این این آئی) ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے ہدایت کی ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس، بالخصوص پارلیمنٹ لاجز کی سیکیورٹی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے جدید ٹیکنالوجی، مؤثر نگرانی کے نظام اور جدید سیکیورٹی آلات کے ذریعے مزید بہتر اور مضبوط بنایا جائے۔پارلیمنٹ ہاؤس میں ڈی آئی جی سیکیورٹی اسلام آباد عمر فاروق سے ملاقات کے دوران ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پارلیمنٹ ہاؤس اور پارلیمنٹ لاجز قومی اہمیت کے حامل مقامات ہیں، جہاں سیکیورٹی کے اعلیٰ ترین معیار کو یقینی بنانا ضروری ہے۔ انہوں نے ارکانِ پارلیمنٹ، سینیٹ و قومی اسمبلی کے اراکین اور عام شہریوں کے تحفظ کے لیے سیکیورٹی اقدامات مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے وفاقی دارالحکومت میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال میں نمایاں بہتری کو سراہتے ہوئے اسلام آباد پولیس اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔اس موقع پر ڈی آئی جی سیکیورٹی اسلام آباد عمر فاروق نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو وفاقی دارالحکومت کی موجودہ سیکیورٹی صورتحال، امن و امان برقرار رکھنے اور عوامی تحفظ کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ موجودہ حکومت کی مسلسل کوششوں، مؤثر پالیسیوں اور سیکیورٹی اداروں کی مربوط حکمتِ عملی کے باعث اسلام آباد میں سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے سیف سٹی منصوبے، جدید نگرانی کے نظام اور فوری ردعمل کے نظام کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کو محفوظ، پْرامن اور ترقی یافتہ شہر بنانے کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور مؤثر تعاون ناگزیر ہے

