کوئٹہ(این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ق) کوئٹہ کے صدر بشیر احمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کے پنجاب میں کرپشن سے متعلق بیان کے بعدوزیراعلیٰ پنجاب کی چوہدری سالک حسین پرتنقید سمجھ سے بالاتر ہے،وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خود تسلیم کیا ہے کہ پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں بشیراحمد خان اچکزئی نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے خود 30اکتوبر کو تسلیم کیا تھا کہ پنجاب میں کرپشن ہورہی ہے اورآج وہ جب مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری سالک حسین نے کرپشن کی نشاندہی کی ہے تو محترمہ کہ رہی ہیں کہ ثبوت پیش کریں جو سمجھ سے بالاتر ہے۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز کا چوہدری سالک حسین کو ہرجانے کا نوٹس بھجوانا اوران پر تنقید کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) بلوچستان کے کارکن اور عہدیدار چوہدری سالک حسین کے ساتھ کھڑے ہیں اوروزیراعلیٰ پنجاب اورانکے وزراء کی جانب سے چوہدری سالک کے خلاف دیئے جانے والے بیانات کی مذمت کرتے ہیں اورمطالبہ کرتے ہیں کہ وہ فوری طورپر چوہدری سالک حسین سے معافی مانگیں بصورت دیگر مسلم لیگ (ق) کے کارکن انہیں جواب دینا اچھی طرح جانتے ہیں۔

