پی ایم اے بلوچستان کوئٹہ کابینہ کیخلاف دائر درخواستیں خارج ہونا ڈاکٹر برادری کی جیت ہے،عبداللہ وردگ

کوئٹہ(این این آئی)پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان کے ترجمان ڈاکٹر عبداللہ وردگ نے کہا ہے کہ پی ایم اے بلوچستان اور پی ایم اے کوئٹہ کی کابینہ کے خلاف دائر آئینی درخواستیں خارج ہونا ڈاکٹر برادری کی جیت ہے،پی ایم اے ڈاکٹروں کے حقوق، عزت اور تحفظ کے لیے جدوجہد پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں ترجمان نے کہا کہ پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلوچستان ہائی کور ٹ بلوچستان کے اس فیصلے کا بھرپور خیرمقدم کرتی ہے جس کے تحت پی ایم اے بلوچستان کی منتخب صوبائی کابینہ اور پی ایم اے کوئٹہ زون کی کابینہ کے خلاف دائر آئینی درخواستیں نمبر 480/2026اور 1302/2026خارج کر دی گئی ہیں چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد کامران خان ملاخیل اور جسٹس محمد نجم الدین مینگل پر مشتمل ڈویژن بینچ نے گزشتہ دنوں کھلی عدالت میں فیصلہ سناتے ہوئے دونوں درخواستوں کو ناقابلِ سماعت قرار دے کر خارج کر دیاان درخواستوں میں پی ایم اے بلوچستان کے صوبائی انتخابات اور پی ایم اے کوئٹہ زون کی قیادت کو چیلنج کیا گیا تھا اور منتخب عہدیداران کو عہدہ سنبھالنے اور تنظیمی امور انجام دینے سے روکنے کی استدعا کی گئی تھی عدالت کے فیصلے کے بعد یہ تمام استدعائیں بھی ختم ہو گئی ہیں اور دونوں کابینہ پوری یکسوئی کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں جاری رکھیں گی۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے بلوچستان اس کامیابی پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہے اور صوبے بھر کے ڈاکٹروں کا شکریہ ادا کرتی ہے جنہوں نے ہر مرحلے پر اپنی منتخب قیادت پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہم اپنے قانونی ماہرین شاہ حق بلوچ ایڈووکیٹ، لونگین کاسی ایڈووکیٹ اور ظہور آغا ایڈووکیٹ کا بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے عدالت میں ڈاکٹروں کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا۔ترجمان نے کہا کہ پی ایم اے بلوچستان اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ ڈاکٹروں کے حقوق، عزت اور تحفظ کے لیے جدوجہد پہلے سے زیادہ قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی،پی ایم اے ہر کیڈر سے تعلق رکھنے والے تمام سینئر اور جونیئر ڈاکٹروں کی نمائندہ تنظیم ہے، اور بلا امتیاز سب کے مسائل کے حل کے لیے کام کرتی رہے گی، تمام تنظیمی امور پی ایم اے کے آئین اور بائی لاز کے مطابق شفاف انداز میں چلائے جائیں گے، اور ہر ڈاکٹر کی آواز کو اہمیت دی جائے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں