خاران (رپورٹ محمد عیسیٰ محمد حسنی) گورنمنٹ آف بلوچستان کے تعاون سے بلوچستان رورل سپورٹ پروگرام (BRSP) کے زیرِ اہتمام ‘رائیز پروگرام’ کے تحت نصیر کبدانی لبزانکی دیوان ہال خاران میں ’’خاران کی ثقافت اور آثارِ قدیمہ‘‘ کے موضوع پر ایک پروقار پینل ڈسکشن کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا بنیادی مقصد نوجوان نسل کو خاران کی قدیم تاریخ، روایات اور ثقافتی تشخص سے روشناس کرانا تھا۔ تلاوت کلامِ پاک سے شروع ہونے والی اس فکری نشست میں ادب، ثقافت، تاریخ سے وابستہ ممتاز شخصیات، نوجوانوں اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔پینل ڈسکشن کی میزبانی کے فرائض معروف ماہرِ تعلیم وادیب پروفیسر ڈاکٹر شکور زاہد نے سرانجام دیے، جبکہ ادب و ثقافت کے ممتاز دانشوروں احمد مہر، پروفیسر شاہ جی شمیم اور سفر خان راسکوئی نے بطور پینلسٹ خاران کی تاریخی اہمیت اور قدیم تہذیبوں پر تفصیلی اظہارِ خیال کیا۔مقررین نے خاران کے تاریخی پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ خاران آثارِ قدیمہ کے لحاظ سے ایک انتہائی زرخیز خطہ ہے، جہاں نوشیروانی عہد سے قبل کے تقریباً 54 تاریخی آثار موجود ہیں۔ اس کے علاوہ نوشیروانی دور کے قلعہ خاران، نوروز قلات کا قلعہ، جامع مسجد اور دیوان خانہ جیسی تاریخی نشانیاں خطے کی عظمت کی گواہ ہیں۔ مقررین نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مناسب دیکھ بھال نہ ہونے کے باعث یہ تاریخی مقامات کھنڈرات کا منظر پیش کر رہے ہیں۔ خصوصاً ‘ہرگوک’ کے ہزاروں سال پرانے تاریخی ورثے کو بلڈوزر کے ذریعے مسمار کر کے قیمتی نوادرات لوٹ لیے گئے ہیں۔ انہوں نے صوبائی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ خاران کے تاریخی و ثقافتی اثاثوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے فوری اور عملی اقدامات کیے جائیں۔اس موقع پر بی آر ایس پی رائیز پروگرام کے مانیٹرنگ آفیسر سید یسین شاہ احسان نے تمام مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ گورنمنٹ آف بلوچستان اور رائیز پروگرام کا بنیادی مقصد خاران کے عوام کو معاشی اور سماجی طور پر بااختیار بنانا اور ان کے لیے ترقی کے نئے مواقع پیدا کرنا ہے، جس میں نوجوانوں کو اپنے تاریخی تشخص سے جوڑنا بھی شامل ہے۔تقریب کے اختتام پر بی آر ایس پی رائیز پروگرام کی جانب سے معزز پینلسٹس اور مہمانوں کو یادگاری شیلڈز پیش کی گئیں۔ اس موقع پر نصیر کبدانی لبزانکی دیوان کی جانب سے کتابوں کا ایک خوبصورت اسٹال بھی سجایا گیا، جو شرکاء کی توجہ کا مرکز رہا۔ تقریب کے آخری حصے میں بلوچی روایتی موسیقی کے خصوصی پروگرام نے سماں باندھ دیا، جس سے مہمان اور نوجوان بھرپور لطف اندوز ہوئے۔یہ پروگرام خاران کی ثقافت، تاریخ اور روایتی ورثے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ نوجوان نسل میں علمی و ثقافتی شعور کے فروغ کے لیے ایک سنگِ میل ثابت ہوا

