کوئٹہ(رپورٹر) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سینئر نائب صدر اور معروف قبائلی شخصیت سید صادق آغا نے کہا ہے کہ ملک اس وقت سنگین سیاسی، معاشی اور آئینی صورتحال سے دوچار ہے، ایسے حالات میں سیاسی کشیدگی کو کم کرنے اور جمہوری روایات کو مضبوط بنانے کے بجائے سیاسی مخالفین کے خلاف کارروائیوں، گرفتاریوں اور پابندیوں کا سلسلہ ملک میں بے یقینی اور عدم استحکام کو مزید بڑھا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ایک بڑی سیاسی جماعت ہے جس کی قیادت اور کارکنوں نے ملک کے جمہوری عمل میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ سیاسی اختلافات کو دشمنی میں تبدیل کرنا کسی بھی جمہوری معاشرے کے مفاد میں نہیں۔ سیاسی جماعتوں کو اپنا مؤقف پیش کرنے، عوام سے رابطہ رکھنے اور آئینی و جمہوری سرگرمیاں جاری رکھنے کا مکمل حق حاصل ہونا چاہیے۔سید صادق آغا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ، پی ٹی آئی کے منتخب نمائندوں اور کارکنوں کے خلاف کارروائیوں نے سیاسی ماحول کو مزید کشیدہ کر دیا ہے۔ ایسے اہم فیصلوں اور اقدامات کو آئینی تقاضوں، جمہوری اصولوں اور عوامی مینڈیٹ کی روشنی میں پرکھنا ضروری ہے۔ اختلافات کا حل طاقت کے استعمال یا انتظامی پابندیوں میں نہیں بلکہ سیاسی مذاکرات اور باہمی افہام و تفہیم میں ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کو آئین اور قانون کے مطابق بنیادی حقوق اور منصفانہ قانونی کارروائی کا حق ملنا چاہیے۔حکومت کو چاہیے کہ سیاسی انتقام کے تاثر کو ختم کرے، تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں سیاسی آزادی فراہم کرے اور ملک کو محاذ آرائی کی سیاست سے نکالنے کے لیے عملی اقدامات کرے۔انہوں نےکہا کہ پاکستان کو اس وقت اتحاد، قومی یکجہتی، معاشی استحکام اور امن کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی قوتوں کو ملکی مفاد کو ترجیح دیتے ہوئے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔ جمہوریت کی مضبوطی، آئین کی بالادستی، پارلیمان کے احترام اور عوام کے حقِ رائے دہی کا تحفظ ہی ملک کو موجودہ سیاسی بحران سے نکالنے میں مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔

