پسماندہ علاقوں کو ڈیجیٹل دنیا سے منسلک کرنے کیلئے یونیورسل سروس فنڈز کے 7 منصوبوں کی منظوری

اسلام آباد(این این آئی)یونیورسل سروس فنڈ کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ملک بھر کے 12 اضلاع کے دور دراز کے گاؤں دیہاتوں میں براڈ بینڈ سروسز فراہمی اور آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 7 اہم ترین منصوبوں کی منظوری دیدی ہے۔ منصوبوں پر مجموعی طور پر 7 ارب 49 کروڑ روپے سے زائد کے اخراجات کیئے جائیں گے براڈ بینڈ سروسز فراہمی کے 5 اور 940 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھانے کے 2 منصوبوں کی تکمیل سے ان اضلاع کے 347 گاؤں دیہات اور 113 ٹاؤنز و یونین کونسلوں کو ڈیجیٹل کنکٹیویٹی سے منسلک کیا جاسکے گا جس سے پسماندہ علاقوں کے 37 لاکھ سے زائد رہائشیوں کو تیز ترین انٹرنیٹ اور موبائل سروسز کی فراہمی ممکن ہوسکے گی،یو ایس ایف بورڈ آف ڈائریکٹرز کا 98 واں اجلاس چیئرمین و سیکریٹری آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن ضرار حشام خان کی صدارت میں یو ایس ایف ہیڈ آفس میں منعقد ہوا جس میں بورڈ اراکین محمد یوسف، ممبرٹیلی کام، محمد جہانزیب رحیم، چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید و دیگر حکام نے شرکت کی جبکہ محترمہ عائلہ ماجد بذریعہ وڈیو لنک شریک ہوئیں۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹیو یو ایس ایف چوہدری مدثر نوید نے اجلاس کو ادارے کے جاری و تکمیل شدہ اور نئے منصوبوں کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی، بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ملک میں آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن کے شعبے کی ترقی اور پسماندہ علاقوں کے لوگوں کو ڈیجیٹل سروسز کی فراہمی کیلئے یو ایس ایف کے کردار کو سراہا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یو ایس ایف بورڈ کے چیئرمین ضرار حشام خان کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن محترمہ شزہ فاطمہ خواجہ کی ہدایت کے مطابق ملک کے پسماندہ علاقوں میں براڈ بینڈ سروسز کی فراہمی کا عمل تیز کیا گیا ہے جبکہ پہلے سے جاری منصوبوں کی بروقت تکمیل پر مکمل توجہ دی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ یو ایس ایف کے منصوبوں اور کنکٹیویٹی فراہمی کی بدولت اب تک 3 کروڑ 70 لاکھ سے زائد افراد کو سہولیات فراہم کی جاچکی ہیں جس کی وجہ سے بڑی تعداد میں پسماندہ علاقوں کے انتہائی باصلاحیت نوجوان و خواتین بطور فری لانسرز و اسٹارٹ اپس ڈیجیٹل دنیا سے منسلک ہورہے ہیں، اس لیئے یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ یو ایس ایف پاکستان کی آئی ٹی انڈسٹری کے فروغ اورآئی ٹی ایکسپورٹ میں اضافے میں اہم کردار ادا کررہا ہے،منظور کردہ نئے منصوبوں کے مطابق آپٹیکل فائبر کیبل کے 2 منصوبے ٹینڈرز کے قواعد پوری کرنے اور سب سے کم بولی دینے والی کمپنی کو تفویض کیئے گئے ان دونوں منصوبوں کی مجموعی مالیت 5 ارب 65 کروڑ روپے سے زائد ہے جس کے تحت سندھ کے ضلع سانگھڑ میں 415 کلومیٹر طویل آپٹیکل فائبر کیبل بچھائی جائے گی منصوبے کی مالیت 3 ارب 27 کروڑ روپے ہوگی،آپٹیکل فائبر کیبل کے دوسرے منصوبے کے تحت 2 ارب 38 کروڑ روپے سے زائد مالیت منصوبے سے پنجاب کے ضلع جھنگ کی اطراف کی آبادی کو تیز ترین ڈیجیٹل سروسز فراہمی کیلئے 525 کلومیٹر طویر کیبل بچھائی جائے گی ان دونوں منصوبوں سے مجموعی طور 113 ٹاؤنز اوریونین کونسلیں فائبر کیبل سے منسلک ہوسکیں گی جبکہ علاقے کے 28 لاکھ سے زائد افراد ڈیجیٹل سروسز کے حصول کے قابل بن سکیں گے،بورڈ سے منظور شدہ دیگر منصوبوں کے مطابق ایک ارب 83 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے 5 منصوبوں کے تحت اٹک، خوشاب، سرگودھا، بھاولپور، فیصل آباد حافظ آباد، شیخوپورہ چنیوٹ، بدین اور ایبٹ آباد اضلاع کے 347 پسماندہ گاؤں دیہاتوں کے 9 لاکھ 65 ہزار سے زائد رہائشی افراد کو فور جی سروسز سے فراہم کی جائیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں