ژوب (این این آئی) بچوں کی صحت، نشوونما اور بہبود میں والدین کے کردار کو اجاگر کرنے کے لیے ضلع ژوب میں ایک پروقار سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار ڈسٹرکٹ نیوٹریشن پروگرام بلوچستان نیوٹریشن ڈائریکٹوریٹ (یونیسیف) کے تعاون سے پیرنٹنگ ماہ کی مناسبت سے منعقد کیا گیا، جس میں مختلف اداروں کے نمائندگان، ماہرین، سماجی شخصیات اور کمیونٹی اراکین نے بھرپور شرکت کی۔سیمینار کی صدارت ڈسٹرکٹ نیوٹریشن کوآرڈینیٹر نعمت اللہ نے کی، جبکہ دیگر معزز مہمانوں میں ڈاکٹر ثناء اللہ (چائلڈ اسپیشلسٹ)، ایچ ڈی ایف کے نعیم گل، ایل ایس او کے صدر شیخ اشرف، ترکی فاؤنڈیشن کے ڈی ایس قطب، بی آر ایس پی کوآرڈینیٹر جبار اور عبید، کامیونٹی سی سی او سعیداللہ، بی این پی عملہ، پرنسپل شاہ گرائمر اسکول نقیب اللہ شاہ اور مذہبی رہنما الامہ نسیم شامل تھے۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ بچوں کی ابتدائی زندگی کے پہلے پانچ سال نہایت اہم ہوتے ہیں۔ والدین کو چاہیے کہ وہ بچوں کی جسمانی، ذہنی اور غذائی ضروریات پر بھرپور توجہ دیں۔ مقررین نے نیوٹریشن سینٹرز کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے والدین کو ترغیب دی کہ وہ باقاعدگی سے ان مراکز سے رجوع کریں تاکہ بچوں کی نشوونما میں کسی قسم کی کمی نہ رہ جائے۔سیمینار کا مقصد والدین میں شعور اجاگر کرنا، مثبت پیرنٹنگ طریقوں کو فروغ دینا، اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانا تھا۔ پروگرام کے اختتام پر شرکاء نے شہر میں آگاہی واک میں بھی حصہ لیا، جس کا مقصد معاشرے میں بچوں کی بہبود سے متعلق پیغام کو عام کرنا تھا۔شرکاء نے ڈسٹرکٹ نیوٹریشن پروگرام کی کوششوں کو سراہا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ بچوں کی صحت و بہبود کے فروغ میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔
