تائیکوانڈو کھلاڑیوں کی ایف سی ساؤتھ بلوچستان سے ملاقات

دالبندین(این این آئی)شہید دلاور جان اہجباڑی تائیکوانڈو کلب دالبندین کے نیشنل تائیکوانڈو کوچ اور انٹرنیشنل کھلاڑی فیروز شاہ نوتیزئی دیگر کھلاڑیوں کے ہمراہ دالبندین رائفلز ہیڈکوارٹر گئے، جہاں ان کی ملاقات آئی جی ایف سی ساؤتھ بلوچستان میجر جنرل بلال سرفراز اور بریگیڈیئر سجاد علی (کمانڈنٹ دالبندین رائفلز) سے ہوئی۔اس موقع پر فیروز شاہ نوتیزئی نے دالبندین کے ان نوجوان کھلاڑیوں کا تعارف کرایا، جو قومی اور بین الاقوامی سطح پر مختلف اداروں جیسے کہ واپڈا، پولیس، آرمی، اور ایئر فورس کے لیے کھیل چکے ہیں۔میجر جنرل بلال سرفراز اور بریگیڈیئر سجاد علی نے کھلاڑیوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ، دالبندین جیسے پسماندہ علاقے سے ایسے باصلاحیت کھلاڑیوں کا سامنے آنا باعثِ فخر ہے۔ ہم ان کی صلاحیتوں کو ضائع نہیں ہونے دیں گیانہوں نے یقین دلایا کہ ایف سی ساؤتھ بلوچستان اور دالبندین رائفلز کی جانب سے کھلاڑیوں کو ہر ممکن مالی و تکنیکی تعاون فراہم کیا جائے گا، جن میں سامان کی فراہمی، پاسپورٹ و ویزا کے اخراجات اور بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت کے لیے تعاون شامل ہے۔اس موقع پر فیروز شاہ نوتیزئی نے ایف سی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ”یہ اعتماد اور تعاون دالبندین کے نوجوان کھلاڑیوں کے حوصلے بلند کرے گا اور ہم مزید جذبے کے ساتھ ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔”مزید بتایا گیا کہ آل پاکستان ٹور کے لیے ٹیم 30 جولائی کو روانہ ہوگی، جس کے انتظامات اور سامان کی فراہمی میں ایف سی کا مکمل تعاون شامل ہوگا۔ خبر کے اختتام پر انٹرنیشنل کوچ نے آئی جی ایف سی میجر جنرل بلال سرفراز کو تائیکوانڈو کلب کی جانب سے یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں