کچی پیاز کھانے کے حیران کُن فوائد

کچی پیاز صرف سالن یا سلاد کا ذائقہ بڑھانے کے لیے نہیں، بلکہ یہ صحت کے لحاظ سے ایک حیران کن خزانہ ہے۔
کچی پیاز میں قدرتی اینٹی آکسیڈنٹس، اینٹی بیکٹیریل خصوصیات، وٹامنز اور منرلز موجود ہوتے ہیں، جو جسم پر کئی مثبت اثرات ڈالتے ہیں۔ کچی پیاز میں موجود فلاوونائڈز دل کی شریانوں کو صاف رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔
کچی پیاز بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کو کم کرنے میں مددگار ہے جو دل کے دورے کے خطرے کو گھٹاتا ہے۔ خاص طور پر ٹائپ 2 ذیابیطس کے مریضوں کے لیے فائدہ مند ہے۔
پیاز میں موجود سلفر مرکبات اور کوئرسیٹن بلڈ شوگر لیول کو بہتر طریقے سے کنٹرول کرتے ہیں۔ کچی پیاز میں وٹامن C، زنک اور اینٹی آکسیڈنٹس موجود ہوتے ہیں جو جسم کے قدرتی دفاعی نظام کو تقویت دیتے ہیں۔
مزید برآں کچی پیاز وائرل اور بیکٹیریل انفیکشنز سے بچاؤ میں بھی مددگار ہے۔ یہ جسم کا درجہ حرارت نارمل رکھنے میں مدد دیتی ہے، خاص طور پر گرمیوں میں کچی پیاز کھانے سے جسم کو ٹھنڈک ملتی ہے اور ہیٹ اسٹروک سے بچاؤ فراہم کرتی ہے۔
کچی پیاز میں فائبر ہوتا ہے جو آنتوں کو صاف رکھنے میں مدد دیتا ہے۔ پری بایوٹک خصوصیات آنتوں میں صحت مند بیکٹیریا کو فروغ دیتی ہیں۔ اور اینٹی آکسیڈنٹس دماغ میں آکسیڈیٹیو تناؤ کو کم کرتے ہیں جس سے یادداشت اور ذہنی کارکردگی بہتر ہو سکتی ہے۔
تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ پیاز کا استعمال ہڈیوں کی کثافت کو بہتر بناتا ہے، خاص طور پر خواتین میں۔ اس میں سلفر مرکبات اور کوئرسیٹن جیسے اجزا کینسر کے خلیات کی نشوونما کو بھی روکنے میں مددگار ہو سکتے ہیں (خصوصاً آنتوں، معدے اور پروسٹیٹ کینسر میں)۔

کیٹاگری میں : صحت

اپنا تبصرہ بھیجیں