ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کی تعمیر اب صوبائی حکومت خود کریگی، بولان روٹ کی توسیع پر بھی بڑا فیصلہ کرلیا گیا، صوبائی وزیر آبپاشی

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے کہا ہے کہ قومی شاہراہوں کے نگران ادارے این ایچ اے کی جانب سے ڈیرہ مراد جمالی بائی پاس کی تعمیر میں تاخیر کا وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سخت نوٹس لیا ہے اور صوبائی اپیکس کمیٹی کے حالیہ اجلاس میں اس اہم مسئلے پر فیصلہ کرتے ہوئے یہ منصوبہ اب صوبائی حکومت نے اپنے ذمہ لے لیا ہے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ ڈیرہ مراد جمالی میں بائی پاس کی عدم تعمیر کی وجہ سے ٹریفک کا نظام درہم برہم ہے اور شہری شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے عوامی شکایات کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کو وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں مؤثر انداز میں پیش کیا، جس پر وزیر اعلیٰ نے فوری ایکشن لیتے ہوئے یہ فیصلہ کیا کہ منصوبے میں مزید تاخیر ناقابل قبول ہے، لہٰذا اب یہ بائی پاس منصوبہ بلوچستان حکومت خود مکمل کرے گی صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں بولان روٹ کو کشادہ اور بہتر بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ اس اہم شاہراہ پر سفر محفوظ، تیز اور سہل ہو سکے۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر تقریباً ایک ارب ستر کروڑ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ بھی مکمل طور پر صوبائی حکومت کے وسائل سے مکمل کیا جائے گا میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ، متحرک اور عملی اقدامات کر رہی ہے، اور جہاں وفاقی ادارے تاخیر کا شکار ہوں وہاں صوبائی حکومت عوامی مفاد میں فوری فیصلے کر رہی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں