کوئٹہ، آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ کا انعقاد خوش آئند ہے،صوبائی وزیر تعلیم

کوئٹہ(این این آئی)صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، مشیر کھیل مینا مجید،سیکرٹری سپورٹس بلوچستان درا بلوچ اور ڈی جی سپورٹس یاسر بازئی نے کہا ہے کہ کوئٹہ میں آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ کا انعقاد خوش آئند ہے،شائقین نے بڑی تعدادمیں گراونڈ میں آکر یہ ثابت کردیا ہے کہ صوبے کے عوام کھیلوں سے پیاراور دہشت گردی سے نفرت کرتے ہیں،ٹورنامنٹ کے دوران نوجوانوں کو فٹ بال کے بہترین میچ دیکھنے کو ملیں گے،ٹورنامنٹ میں شرکت کرنے والی ٹیموں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے۔یہ بات انہوں نے ایوب سپورٹس کمپلیکس فٹ بال گراونڈ میں پانچویں آل پاکستان وزیراعلیٰ بلوچستان فٹ بال گولڈ کپ کی افتتاحی تقریب کے موقع پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر آصف فاروقی،کامران خورشید،اسسٹنٹ ڈائریکٹرآصف لانگو اور محکمہ کھیل کے دیگرا فسران بھی موجود تھے۔۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور خاص کر وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی کا وژن ہے کہ نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ کھیلوں کی طرف راغب کیا جائے تاکہ وہ منفی سرگرمیوں سے دور رہیں۔انہو ں نے کہا کہ کوئٹہ میں آل بلوچستان فٹ بال کپ کے انعقاد سے دوسرے صوبوں کو امن کا پیغام جائے گا اور دنیا کو پتہ چلے گا کہ بلوچستان کے عوام دہشت گردی سے نفرت اور کھیلوں سے پیار کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ٹورنامنٹ کی افتتاحی تقریب میں شائقین کی بڑی تعداد میں شرکت دیکھ کر بہت خوشی ہوئی ہے ٹورنامنٹ کے دوران نوجوانوں کو کھیلوں کے بہترین مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں ملک بھر سے 67ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کے درمیان سنسنی خیز مقابلوں کی توقع ہے۔انہوں نے کہا کہ آل پاکستان فٹ بال گولڈ کپ 31جولائی تک جاری رہے گا ٹورنامنٹ میں حصہ لینے والی تمام ٹیمیں کوئٹہ پہنچ چکی ہیں جنہیں رہائش،ٹرانسپورٹیشن سمیت دیگرسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اور خاص کر بلوچستان کے کھلاڑیوں میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے ٹورنامنٹ کے دوران اچھے کھلاڑی ابھر کرسامنے آئیں گے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور خاص کر وزیراعلیٰ بلوچستان کی یہ کوشش ہے کہ صوبے میں زیادہ سے زیادہ کھیلوں کے مقابلوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ نوجوانوں نسل سماجی برائیوں اور منشیات جیسی لعنت سے بچ سکے۔اس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمیدخان درانی،مشیرکھیل مینا مجید نے باقاعدہ کک لگاکر ٹورنامنٹ کا افتتاح کیا اور مہمانوں کا دونوں ٹیموں کے ساتھ تعارف بھی کرایا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں