ڈھاکہ (این این آئی)ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کے سالانہ اجلاس سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس میں شرکت کرے گا۔بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ کے نمائندے آن لائن اے سی سی کے سالانہ اجلاس میں شریک ہوں گے۔بھارتی میڈیا نے بتایا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے نائب صدر راجیو شکلا میٹنگ میں آن لائن شرکت کریں گے۔واضح رہے کہ اے سی سی کا سالانہ اجلاس کل محسن نقوی کی صدارت میں ہو گا۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اجلاس میں شرکت کے لیے افغانستان کے نمائندے آج رات ڈھاکا پہنچ رہے ہیں۔اے سی سی کا اجلاس جمعرات کو ڈھاکا میں ہوگا، سالانہ اجلاس کی صدارت کے لیے محسن نقوی بنگلا دیش پہنچ گئے ہیں۔اجلاس کے دوران ایشیا کپ کے مستقبل کے حوالے سے اہم فیصلے کا امکان ہے جب کہ بھارت اور سری لنکا کے نمائندے ڈھاکا نہ پہنچ سکے ہیں۔کہا جارہا ہے کہ بھارت اے سی سی میں تنہائی محسوس کر رہا تھا جس کے باعث اس نے آن لائن شرکت کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق ٹورنامنٹ ستمبر میں پروگرام کے مطابق ہونے کا امکان ہے۔اے سی سی ذرائع کے مطابق سری لنکا بورڈ کے صدر شمی ڈی سلوا علیل ہیں اور وہ بھی آن لائن شریک ہوں گے۔ افغانستان اور عمان کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ میٹنگ میں شریک ہوں گے، افغانستان بورڈ کے نمائندے رات کو ڈھاکا پہنچ رہے ہیں۔ ایشیا کپ کا میزبان بھارت ہے لیکن یواے ای میں میزبانی کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال سے دوچار ہے۔

