کوئٹہ(این این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی بلوچستان کے رہنماوں نے کہا ہے کہ ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیاسی مفادات سے بالاتر ہوکر تمام سیاسی جماعتوں،اداروں کو اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہوگا،صدرمملکت آصف علی زرداری ملک میں سیاسی،انتظامی اور ترقی کا توازن برقراررکھنے والی شخصیت ہیں صدر مملکت کی ملکی ترقی و خوشحالی اور استحکام کیلئے خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ یہ بات پاکستان پیپلز پارٹی کے سابق صوبائی جنرل سیکرٹری وسابق سینیٹرروزی خان کاکڑ،ثناء اللہ جتک،کوئٹہ سٹی صدرملک نورالدین کاکڑ،ملک حمیدکاکڑ،اختر بلوچ،قاسم اچکزئی،شاہجہان گجر، جہانگیر بلوچ،اقلیتی ونگ کے اکرم گل اوردیگر نے پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹریٹ میں صدرمملکت آصف علی زرداری کی سالگرہ کا کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے بعد پاکستان کھپے کا نعرہ لگانے والے مرد حر صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں ہمیشہ مفاہمت،استحکام اور امن و آشتی کی سیاست کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 11سال تک جیل کاٹنے کے باوجود صدر مملکت نے اف تک نہیں کی اور ہمیشہ جمہوریت کو بہترین انتقام قرار دیتے ہوئے پاکستان کو آگے لیکرچلنے،بحرانوں سے نکالنے،محکوم اقوام کو انکے حقوق دلانے کیلئے جدوجہد جاری رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری نے بلوچستان کیلئے ہمیشہ غیر روایتی اور ناقابل فراموش اقدامات کئے ہیں جن سے صوبے میں استحکام اور امن کو فروغ ملا۔انہوں نے کہا کہ آج پاکستان میں صدرمملکت آصف علی زرداری کی پالیسی کو اختیار کرنے اور ملک میں تمام تر مفادات سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے امیدظاہر کی کہ صدر مملکت مستقبل قریب میں بلوچستان کیلئے ایسی خصوصی پالیسی کے قیام میں کردارادا کریں گے جس سے بلوچستان ایک بار پھر نہ صرف امن کا گہوارہ بنے گا بلکہ نوجوانوں کو بھی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔

