لاہور(سپورٹس ڈیسک )آسٹریلیا نے تیسرے ٹی 20 میچ میں ویسٹ انڈیز کو 6 وکٹوں سے شکست دیکر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-3 سے فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔میچ میں ٹم ڈیوڈ نے صرف 37 گیندوں پر آسٹریلیا کی طرف سے ٹی ٹونٹی کرکٹ میں تیز ترین سنچری سکور کرکے تاریخ رقم کردی۔ٹم ڈیوڈ اور مچل اووین کے درمیان پانچویں وکٹ کے لیے 128 رنز کی شاندار شراکت آسٹریلیا کی ٹی20 انٹرنیشنل کرکٹ میں اس وکٹ پر سب سے بڑی پارٹنرشپ بن گئی۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ 97 رنز کا تھا جو مچل مارش اور ٹم ڈیوڈ نے قائم کیا تھا۔ڈیوڈ نے نہ صرف آسٹریلیا کے لیے سب سے تیز نصف سنچری (16 گیندوں پر) بنائی بلکہ پھر 11 چھکوں کی مدد سے اپنی پہلی ٹی 20 سنچری مکمل کی۔ان کے ساتھ نوجوان مچل اووین نے بھی 16 گیندوں پر 36 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور دونوں نے پانچویں وکٹ کے لیے صرف 46 گیندوں پر 128 رنز کی شراکت قائم کی۔ویسٹ انڈین کپتان شائی ہوپ نے اپنے کیریئر کی پہلی ٹی20 سنچری بنائی۔ انہوں نے برینڈن کنگ کے ساتھ 125 رنز کا اوپننگ سٹینڈ قائم کیا۔ تاہم ویسٹ انڈیز کی اننگز کا اختتام زیادہ تیزی سے نہ ہو سکا۔ آخری پانچ اوورز میں وہ توقعات کے مطابق سکور نہ کر سکے ۔ شر فین ردرفورڈ نے 13 گیندوں پر صرف 12 رنز بنائے اور ٹیم کی رفتار سست پڑ گئی۔آسٹریلیا نے 215 رنز کا ہدف 17 ویں اوور میں ہی مکمل کر کے سیریز اپنے نام کی۔ ٹم ڈیوڈ کو ان کی ریکارڈ ساز سنچری پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

