کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کا اپنے مطالبات کے حل کیلئے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاجی کیمپ 49ویں روز بھی جاری رہا۔بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے صدر امین اللہ خان میانی نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہم کنٹریکٹ پر18سال سے انتہائی قلیل تنخواہ پر گزارا کر رہے ہیں اور بی ای ایف نے گاؤں میں ایک کمیٹی سے معاہدہ کرلیا ہے اور کمیٹی اساتذہ سے معاہدہ کرتی ہے جو ٹیچرز کے مطالبات کی راہ میں رکاوٹ ہے۔انہوں نے کہا کہ بی ای ایف براہ راست ٹیچروں سے معاہدہ کرے اور ٹیچرز کی تنخواہوں میں خاطرخواہ اضافدہ کیا جائے تاکہ وہ مزیدبہتر طریقے سے اپنے فرائض سرانجام دے سکیں۔انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعلیٰ بلوچستان،صوبائی وزیرتعلیم،صوبائی وزیر خزانہ، سیکرٹری خزانہ اور سیکرٹری تعلیم سے اپیل کرتے ہیں کہ بلوچستان کمیونٹی اسکولز ٹیچرز ایسوسی ایشن کے جائزمطالبات تسلیم کئے جائیں۔

