محکمہ ایکسائز بلوچستان نے منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی

کوئٹہ(این این آئی)محکمہ ایکسائز بلوچستان کی منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کامیابی جس میں 05 کلوگرام آئس (Methamphetamine) برآمدکر لی گئی اور موقع پر اسمگلر کو بھی گرفتار کر کے گاڑی ضبط کر لی گئی ہیں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسدادِ منشیات بلوچستان نے انسداد منشیات مہم کے تحت ایک اور اہم کامیابی حاصل کرتے ہوئے سریاب روڈ پر خفیہ اور انٹیلیجنس بیسڈ کارروائی میں 05 کلوگرام مہلک نشہ آور مادہ آئس(Methamphetamine) برآمد کرلیا محکمہ کے افسران نے کہا کہ یہ کارروائی سیکریٹری ایکسائز، ڈائریکٹر جنرل ایکسائز (نارتھ زون) اور ڈائریکٹر ہیڈکوارٹرز کوئٹہ کی واضح اور خصوصی ہدایات کی روشنی میں، دفتر ایکسائز IX کی تربیت یافتہ ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہترین حکمت عملی کے تحت عمل میں لائی۔انہوں نے مزید کہا کہ کارروائی کے دوران ایک منشیات اسمگلر کو موقع پر گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ایک گاڑی کو بھی قبضے میں لے لیا گیا ہے جبکہ برآمد شدہ آئس ایک نہایت خطرناک کیمیکل ہے جو بالخصوص نوجوان نسل کو نشانہ بناتا ہے اور معاشرتی تباہی کا موجب بنتا ہے۔ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا ہے تاکہ اس نیٹ ورک کے دیگر کارندوں کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جا سکے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ کامیابی محکمہ ایکسائز کے افسران اور اہلکاروں کی انتھک محنت، پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور منشیات کے خلاف غیر متزلزل عزم کا مظہر ہے۔ محکمہ ایکسائز نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ بلوچستان میں منشیات فروشوں کے لیے کوئی جگہ نہیں۔ محکمہ کے افسران نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن و انسداد منشیات بلوچستان اپنی کارروائیوں کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے منشیات کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے تاکہ عوام کو نشہ جیسے زہر سے محفوظ رکھتے ہوئے ایک صحت مند اور محفوظ معاشرہ تشکیل دیا جا سکے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محکمے کے نعرے ”منشیات کے خلاف جنگ — ہر قیمت پر!” کو بھرپور پزیرائی دیں تاکہ منشیات فروشوں اور منشیات کے خلاف جنگ کو منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں