حکومت بلوچستان نے ٹینکرز اور غیر مجاز ہائیڈرنٹس کے ذریعے حب سے کراچی تک پانی کی غیرقانونی نقل و حمل پردفعہ 144کے تحت پابندی عائد کردی

کوئٹہ(این این آئی)حکومت بلوچستان نے ٹینکرز اور غیر مجاز ہائیڈرنٹس کے ذریعے حب سے کراچی تک پانی کی غیرقانونی نقل و حمل پردفعہ 144کے تحت پابندی عائد کردی۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت بلوچستان کے نوٹس میں آیا ہے کہ لسبیلہ کینال پر لگائے گئے ٹینکرز اور غیر مجاز ہائیڈرنٹس کے ذریعے حب سے کراچی تک پانی کی غیر قانونی نقل و حمل کی وجہ سے ضلع حب میں عام عوام اور صنعتی یونٹس کو پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جب کہ، سروے سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ روزانہ کی بنیاد پر 200سے 300 سے زائد ٹینکرز حب سے کراچی تک پانی کی غیر قانونی نقل و حمل میں ملوث ہیں جس کے نتیجے میں محکمہ آبپاشی پبلک ہیلتھ انجینئرنگ (PHE) کے ذخائر پینے اور صنعتی مقاصد کے لیے وافر پانی فراہم کرنے میں ناکام ہیں لہذا ضابطہ فوجداری، 1898 کی دفعہ 144 کی ذیلی دفعہ (6) کے تحت حاصل اختیارات کو استعمال کرتے ہوئے حکومت بلوچستان نے ڈسٹرکٹ حب سے ایک ماہ کیلئے پانی باہر لے جانے پر پابندی عائد کردی ہے

اپنا تبصرہ بھیجیں