تربت(این این آئی)ڈپٹی کمشنر کیچ بشیر احمد بڑیچ کی زیرصدارت ضلع کیچ میں ترقیاتی منصوبوں سے متعلق ایک اہم مشاورتی سیمینار منعقد ہوا، جس میں عوامی نمائندوں، مقامی معتبرین، بلدیاتی اداروں کے نمائندگان اور مختلف سرکاری محکموں کے افسران نے شرکت کی۔سیمینار کا مقصد ترقیاتی اسکیمات کی مؤثر منصوبہ بندی، مقامی ضروریات کا تعین اور ترقیاتی عمل میں عوامی شراکت داری کو فروغ دینا تھا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر تربت محمد جان بلوچ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر تابش بلوچ، یونین کونسلوں کے چیئرمین اور دیگر نمائندہ افراد موجود تھے ڈپٹی کمشنر کیچ نے شرکاء کو آگاہ کیا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) میں ضلع کیچ کے لیے متعدد اہم اسکیمات شامل کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان منصوبوں کی تیاری میں مقامی تجاویز اور عوامی ترجیحات کو اولین حیثیت دی جائے گی، تاکہ ترقی کے ثمرات نچلی سطح تک مؤثر طریقے سے پہنچ سکیں سیمینار کے دوران بلدیاتی نمائندگان نے صحت، تعلیم، صاف پانی، کھیل کے میدان، سڑکوں کی بہتری اور دیگر بنیادی سہولیات سے متعلق اسکیمات پیش کیں۔ شرکاء کی متفقہ رائے تھی کہ نئے منصوبے شروع کرنے کے بجائے پہلے سے جاری اسکیمات کو مکمل کیا جائے، تاکہ وسائل کا ضیاع نہ ہو اور ترقی کا عمل پائیدار بنیادوں پر استوار ہو ڈپٹی کمشنر نے یقین دہانی کرائی کہ تمام ترقیاتی منصوبے میرٹ، شفافیت اور ضابطہ اخلاق کے مطابق مکمل کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام اسکیمات کی نگرانی خود کرے گی اور منصوبہ بندی و تکمیل کے ہر مرحلے میں مقامی لوگوں کی شمولیت کو یقینی بنایا جائے گا۔سیمینار کے اختتام پر شرکاء نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کا یہ اقدام ترقیاتی عمل میں شفافیت، شمولیت اور اعتماد سازی کی جانب ایک مثبت پیش رفت ہے، جس سے عوامی فلاح و بہبود کے اہداف مؤثر طریقے سے حاصل کیے جا سکیں گے۔

