خواتین انسانی معاشرے کی زینت و وقار ہیں،حقوق و اختیارات کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے،گورنر بلوچستان

کوئٹہ(این این آئی)گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ میرے نزدیک خواتین کی آسودہ زندگی، سماجی برابری اور معاشی خودمختاری کیلئے اٹھائے جانے والا ہر اقدام لائقِ تحسین ہے. خواتین انسانی معاشرے کی زینت و وقار ہیں جن کے تمام حقوق و اختیارات کی پاسداری ہم سب کی ذمہ داری ہے نیشنل کمیشن اسٹیٹس آف وویمن اپنی سرگرمیوں کو بلوچستان کے دیہی علاقوں تک وسعت دیں تاکہ خواتین اپنا اسٹیٹس بنانے اور منوانے کے قابل بن سکیں. ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہاؤس کوئٹہ میں نیشنل کمیشن اسٹیٹس آف وویمن کی ممبر نورین بانو سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. اس موقع پر گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ ہماری خواتین ملک کے دیگر صوبوں کی خواتین کی طرح باصلاحیت اور ملنسار ہیں مگر بدقسمتی سے ہم نے خواتین کو تمام سہولیات اور مواقع فراہم نہیں کئے ہیں. انہوں نے کہا کہ آج بھی خواتین کی بڑی اکثریت اپنی معاشی ناآسودگی کی وجہ سے زندگی کے تمام امور ومعاملات میں مردوں کے محتاج ہیں. خواتین کے تمام حقوق و اختیارات کی پاسداری بالخصوص معاشی خودمختاری کو یقینی بنانے کیلئے معاشرے کے ہر ذی فہیم اور ذی شعور شخص کو اپنے حصے کا کردار ادا کریں. سردست عورتوں کی بلند عظمت اور وقار کو اْجاگر کرنے کیلئے ہر فورم پر شعوروبیداری کی بھرپور اْولسی مہم چلانی ضروری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں