اوتھل میں ڈکیتی کی سنگین واردات، پولیس رویے پر عوام سراپا احتجاج

لسبیلہ(رپورٹ بیوروچیف حفیظ دانش)اوتھل کی مغربی سائیڈ گزشتہ رات ایک گھر میں ڈکیتی کی سنگین واردات پیش آئی۔ ذرائع کے مطابق مسلح افراد نے گھر والوں کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا کر لاکھوں روپے نقدی قیمتی آئی فون اور کئی تولے سونا لوٹ لیے ۔شہری حلقوں کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او اوتھل چوروں کو گرفتار کرنے میں مکمل ناکام رہے اور الٹا متاثرہ خاندان پر دباؤ ڈال رہے ہیں کہ واقعے کو چھپایا جائے۔ ذرائع کے مطابق واردات کے دوران چوروں نے گھر میں مکمل گھس کر خوف و ہراس پھیلایا اور اہل خانہ کو زبردستی ایک جگہ محبوس کیا۔عوامی حلقوں نے واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایس ایس پی لسبیلہ عاطف امیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ایس ایچ او اوتھل کا فوری تبادلہ کیا جائے اور اوتھل میں ایک ایماندار، قابل اور تجربہ کار ایس ایچ او تعینات کیا جائے تاکہ شہر میں بڑھتی ہوئی وارداتوں پر قابو پایا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں